کوہاٹ ،سیکورٹی فورسزاورپولیس کی کاروائیاں،25مشتبہ افراد گرفتار

بدھ 13 جنوری 2016 21:01

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 جنوری۔2016ء )کوہاٹ کے نواحی علاقہ سلیمان تالاب میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران 25مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے بدھ کی صبح کوہاٹ شہر کے جنوب میں واقع نواحی گاؤں سلیمان تاب کا اچانک محاصرہ کر لیا اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹ تلاشی اور آپریشن کی کاروائی میں مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے گئے۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 25مشتبہ افرا کو حراست میں لیکر چھان بین کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔علاقائی سرچ آپریشن کی کاروائی میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے اور ان مقامات کی مکمل تلاشی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک کوہاٹ شہر اور مختلف مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشن کی متعدد کاروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جسمیں درجنوں مشکوک افراد کو گرفتاکرکے اہم کامیابیاں حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مربوط حکمت عملی اور مشترکہ آپریشن کی کاروائیوں کی بدولت مجرمانہ سرگرمیوں کے سدباب اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے مطلوبہ اہداف کا حصول مزیدنتیجہ خیز بنایا جارہا ہے۔