مخالفین گاڑیاں بھگا بھگا کر تھک چکے ،چےئرمین تو کیا ورکر بھی ساتھ نہیں ملا سکے،رشید اکبر نوانی

برسراقتدار گروپ کی ناانصافیوں‘ انتقامی کارروائیوں سے ان کے مخلص کارکن چھوڑ کر ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں،قائد نوانی عوامی محاذ

بدھ 13 جنوری 2016 20:54

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 جنوری۔2016ء) مخالفین گاڑیاں بھگا بھگا کر تھک چکے ہیں لیکن نوانی گروپ کا چےئرمین تو کیا ایک ورکر کو بھی اپنے ساتھ نہیں ملا سکے۔ برسراقتدار گروپ کی ناانصافیوں‘ انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے ان کے دیرینہ مخلص کارکن انہیں چھوڑ کر ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔ رانا محمد اشرف جیسے وفادار‘ مخلص‘ جانثار ساتھیوں کی نوانی گروپ کو ضرورت ہے جو حق پر ڈٹ جاتے ہیں لیکن کسی کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دیتے۔

عوام کے دلوں میں برسراقتدار گروپ کیخلاف ایسا لاوا پک رہا ہے جس کا کچھ نمونہ بلدیاتی الیکشن میں دیکھنے کو ملا اورانشاء اللہ باقی بچا کھچا لاوا انہیں جنرل الیکشن میں تباہ و برباد کردیگا۔ شہر کا ایسا برا حال کردیا ہے کہ عوام آج پچھتا رہے ہیں کہ ہم نے کیسے نکمے نااہل نمائندے منتخب کرلیے۔

(جاری ہے)

ہمیں 7سیٹوں کا چیلنج کرنیوالے نے سیاست تو نہیں چھوڑی البتہ ضلع چھوڑ دیا ہے بنی بنائی کھیل پر اپناحق جمانے والوں کا عوام نے بلدیاتی الیکشن میں کچومر نکال دیا ہے عوام جھوٹے وعدے نہیں عملی کاموں کو ترجیح دیتے ہیں جوکہ مخالفین کے بس کا روگ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار نوانی عوامی محاذ کے قائد رشید اکبر خان نوانی نے عباس چوک کے تاجر رانا محمد اشرف کی نوانی گروپ میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 40 سے زائد ممبران نوانی گروپ کے پلیٹ فارم پر متحد اور چٹان کی طرح مضبوط کھڑے ہیں‘ انتقامی کارروائیوں نے ان کے اپنے حامیوں کے دلوں میں نفرت پیدا کردی ہے۔ مخالفین جب بھی اقتدار میں آئے ہیں دھاندلی‘ دھونس کے ذریعے ہی آئے ہیں۔

سیاستدان کا کام عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرناہوتا ہے اور یہی جمہوریت ہوتی ہے لیکن ضلع میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ سائیں سرکار اور ان کے اتحادی تو باہر بیٹھ کر تماشا دیکھ رہے ہیں اور خنانخیل کا ضلع بھر میں تماشا دیکھ رہے ہیں20 ممبران سے ضلع کا چےئرمین نہیں بنا کرتا۔انشاء اللہ نوانی عوامی محاذ کے متفقہ نامزد اُمیدوار احمد نواز نوانی ہی ضلع کے چےئرمین ہونگے اور بھکر کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے کیونکہ نوانی گروپ کھوکھلے دعووں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے۔ نوانی گروپ کو اپنے ساتھیوں‘ جانثاروں پر دل و جان سے فخر ہے اور یہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔