وزیر اعظم نوازشریف کی ایس ایم منیر کو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

بدھ 13 جنوری 2016 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں کامیابی پر یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کومبارکباد دی ہے۔وزیر اعظم نے ایس ایم منیر جو ٹی ڈیپ کے سی ای او بھی ہیں کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یوبی جی کی کامیابی جو آپکی سرپرستی کا نتیجہ ہے پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آپکی رہنمائی میں ٹی ڈیپ ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے جبکہ اس ادارے میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے آپکی انتھک کوششیں قابل داد ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ اور آپکی ٹیم پاکستان کو خوشحال اور باوقار ملک بنانے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یو بی جی پاکستان کو ایک با وقار اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی اور اس سلسلہ میں حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے موجودہ حکومت کی کوششیں قابل قدر ہیں جس سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔اقتصادی راہداری، ایل این جی پراجیکٹ، سٹاک مارکیٹ کا انضمام، پائپ لائن اور دیگر منصوبے اور زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال حکومت کی اقتصادی کامیابیوں کا ثبوت ہے جسکی گواہی ملکی اور بین الاقوامی ادارے دے رہے ہیں۔ حکومت نے وسائل کی مینیجمٹ سے پائیدار ترقی کو یقینی بنایا ہے جسکے لئے ملک بھر کی کاروباری برادری شکرگزار ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی دو سال سے ایف پی سی سی آئی کا الیکشن مسلسل جیت رہی ہے جسکی وجہ محنت، میرٹ، ٹیک ورک اورجمہوری اقدار پر یقین ہے تاہم اس کا کریڈٹ یو بی جی کے چئیرمین افتخار علی ملک، ایف پی سی سی آئی کے صدر عبد الرؤف عالم، چئیرمین ساؤتھ خالد تواب، چئیرمین پنجاب ایس ایم نصیر، مرکزی ترجمان زبیر طفیل اور چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل کو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :