نواز شریف بے لگام وزیروں کی زبان کو لگام دیں بصورت دیگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائیگا

بدھ 13 جنوری 2016 17:09

چکوٹھی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر ضلع ہٹیاں بالا کے چیف آرگنائزر چوہدری منظور مقدم نے وزیر امور کشمیر برجیس طاہر ،پرویز رشید اور دیگر وزراء کی جانب سے وزیر اعظم آزد کشمیر چوہدری عبدالمجید کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر نے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے بے لگام وزیروں کی زبان کو لگام دیں بصورت دیگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار منظور مقدم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کارکن آج تک سابق صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے خاموش تھے ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینے سے گریز نہیں کریں گے اگر آئندہ کسی کرپٹ وفاقی وزیر نے چوہدری عبدالمجید اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت کے خلاف بازاری زبان استعمال کی تو پیپلز کے کارکن خود اسکی زبان باہر نکال دیں گے وفاقی وزراء آزاد کشمیر کے پرامن سیاسی ماحول کو خراب کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ملکی سلامتی کے اداروں کو وفاقی وزراء کے غیر زمہ دارانہ بیانات کا فوری نوٹس لینا چاہیے تانکہ آزادکشمیر کی پر امن سیاسی فضا خراب ہو نے سے بچ جائے