نیلم ‘پاک آرمی کے زیر اہتمام نادرا رجسٹریشن کیمپوں کا انعقاد ‘سینکڑوں افراد امڈ آئے

بدھ 13 جنوری 2016 17:06

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) نیلم کے دور افتادہ علاقوں میں پاک آرمی کے زیر اہتمام نادرا رجسٹریشن کیمپوں کا انعقاد ۔جورامیں دوزوزہ اور میرپورہ میں ایک روزہ کیمپ میں اٹھارہ سالہ نوجوانوں سے لیکر 90سالہ ضعیف خاتون سمیت سینکڑوں افراد شناختی کارڈ بنوانے کیمپ میں امڈ آئے ‘ اپنی دہلیز پر رجسٹریشن کی سہولت پا کر اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

پاک فوج زندہ باد کے نعرے۔ فوجی جوان لوگوں کو گائیڈ کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق دور دراز اور پہاڑی علاقوں کے عوام کی سہولت کیلئے جورا ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں پاکستان آرمی کے زیر اہتمام نادرا کا دوروزہ رجسٹریشن کیمپ لگایا گیا۔ جس سے قبل پاک فوج کے جوانوں نے ملحقہ علاقوں میں عوام تک کیمپ لگنے کی اطلاع پہنچائی اور مساجد میں اعلانات بھی کروائے گئے۔

(جاری ہے)

نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے لوگوں کو رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ۔ کیمپ میں جورا‘ جورا بانڈی‘ جورا ستراں ‘ اشکوٹ ‘ گہل ‘ چھیجورااشکوٹ ‘ پھلاکاں‘ اسلام پورا‘ صندوک ‘ چلیہانہ ‘ تربن ‘ جرگی‘ چولائی ‘ جبڑ ‘ میرپورہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے سینکڑوں مرد خواتین شناختی کارڈ بنوانے پہنچ آئے ۔

کیمپ کی دلچسپ بات یہ تھی کہ اٹھارہ سالہ نوجوانوں سے لیکر 90سالہ ضعیف العمر خاتون بھی کیمپ میں موجود تھی۔کئی نابینا اور بہرے لوگ بھی اپنی رجسٹریشن کروانے آئے ہوئے تھے۔مردوں کی نسبت خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔اس موقع پر کیمپ میں آنے والے لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ نیلم دور دراز علاقہ ہونے کے باعث ہم شناختی کارڈ بنوانے کیلئے مظفرآباد نہیں جا سکتے ۔

خاص کر گھریلو خواتین کیلئے دور جانا بہت ہی مشکل ہوتا ہے ۔ یہاں اکثر خواتین کے شناختی کارڈ پوری عمر بنتے ہی نہیں ہیں۔ پاک فوج نے نادرا کا کیمپ لگا کر ہمیں بہترین سہولت دہلیز پر مہیا کی ہے ۔ جس پر ہم پاک آرمی اور نادرا کے مشکور ہیں۔ پاک آرمی نے مردو خواتین کی الگ الگ انتظار گاہوں سمیت چائے پانی کے بہترین انتظاما ت کر رکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہے۔

زلزلہ ہو ‘سیلاب ہو یا کوئی بھی دوسری قدرتی آفت ہو پاک آرمی سب سے پہلے عوام کی مدد کو پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نادرا کا رجسٹریشن کیمپ لگا کر ہمیں اپنے گھروں میں شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 90سالہ ضعیف خاتون نے نم آنکھوں کیساتھ جوانوں کو دعائیں دیتے ہوئے کہا پاک فوج نہ ہوتی تو میرا شناختی کارڈ بننا مشکل تھا ۔ اللہ پاک فوج کے جوانوں کو مزید ہمت و حوصلہ عطا ء کرے ۔خاتون نے پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔پاک آرمی کے زیر اہتمام میرپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی کیمپ لگائے گئے ۔ آج 14جنوری کو باڑیا ں بازار میں ایک روزہ کیمپ لگا یا جائے گا۔جس کے حوالے سے ملحقہ علاقوں کے عوام کو اطلاع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :