وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدکا شمولیتی اجتماع سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 17:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ہم نے ڈوگرہ سامراج کے شخصی نظام سے بغاوت کر کے آزاد کروایا۔ شہداء اور غازیوں کی دھرتی کے رہنے والے لوگوں کی قومی غیرت کبھی نیلام نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک آزادی کا یہ بیس کیمپ پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔

پاکستان ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ پاکستان کے استحکام کے لیے ہم نے قربانیاں دیں۔ پاکستان کی بقا و سلامتی کے لیے قربانیاں دیتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہاڑوں اور برف پوش وادیوں میں رہنے والے استحکام پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پہاڑوں سے ٹکرانے والے پاش پاش ہوں گے۔ 2016 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے انتخابات ہائی جیک کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کا مستقبل ہیں۔ جلد وہ وادی نیلم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر یہاں ایوان وزیر اعظم میں وادی نیلم کے سینکڑوں خاندانوں کی مسلم لیگ ن سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں سے خطاب کر رہے تھے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر تعلیم میاں عبدالوحید، وزیر زراعت سید بازل علی نقوی، پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی طاقت کا نام ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت عوامی حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کے تشخص اور میرٹ کو نیلام نہیں ہونے دیگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عقیدے اور نظریے کی سیاست کرتے ہیں۔ خدمت خلق ہی ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے اور یہی پارٹی لیڈر شپ کا ویژن ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہی کرتے ہیں۔ ہماری حق و سچ کی آواز کوئی نہیں دبا سکتا۔ ہم قواعد و ضوابط کو ماننے والے ہیں۔ خلاف قواعد کوئی بات نہیں مان سکتے۔ نہ ہی ہم پر کوئی فیصلہ مسلط کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بند کرائیں اور بین الاقوامی دہشت گرد غاصب اور قابض بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزراء چوہدری لطیف اکبر، میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی نے آزاد کشمیر حکومت اور آزاد کشمیر کے عوام کے خلاف توہین آمیز باتیں کرنے پر دفاقی وزراء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام باضمیر اور غیرت مند ہیں۔ ان کا اپنا تشخص ہے۔ اہل کشمیر آزاد کشمیر کو فتح کرنے اور آزاد کشمیر کے عوام کی خرید و فروخت کرنے والوں کے تمام منفی عزائم ناکام بنا دیں گے

متعلقہ عنوان :