نیپال کے ڈپٹی آڈیٹر جنرل موہوداتا ٹم سیلاناکی آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر بات چیت

بدھ 13 جنوری 2016 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء)نیپال کے ڈپٹی آڈیٹر جنرل موہوداتا ٹم سیلانا نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں 10سال پہلے شدید ترین زلزلہ آنے کی باوجود بھی جامعہ کشمیر کی بحالی و تعمیر نو اس خطہ میں درس وتدریس کی ایک عمدہ مثال ہے ،یونیورسٹی کی انتظامیہ اور تدریسی سٹاف نے آزمائش کے دور میں اپنا مورال بلند رکھا اس کی تقلید کی جانی چاہیے ،طلبہ و طالبات کو قدرتی آفات سے بچاؤ اور آگہی کے سلسلہ میں کورسز بھی کرائے جانے چاہیں ،ان خیال کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر 30رکنی وفد کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد،ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،ڈاکٹر انصر یاسین اور دیگر آفیسران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ،نیپال کے آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سے وابستہ آفیسران کے وفد نے قبل ازیں یادگار شہداء پر حاضری بھی دی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا،جامعہ کشمیر کے شعبہ اورق کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر خواجہ انصر یاسین نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی ،آزادکشمیر کے دورے پر آئے ہوئے نیپال کے آڈٹ اور ایراء کے آفیسران پر مشتمل وفد کا جامعہ کشمیر پہنچنے پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری ،ڈاکٹر خواجہ انصر یاسین ،ڈاکٹر عائشہ سہیل ،آفیسر تعلقات عامہ اویس احمد خان ،وحید قریشی اور دیگر نے استقبال کیا،اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیراء سردار محمد رفیق خان اور عبد الوحید کیانی بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وفد کو آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے حوالہ سے زلزلہ سے پہلے اور بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا،وفد کو بتایا گیا کہ جامعہ کے اندر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کا قیام عمل میں لایا گیاہے اس کے علاوہ زلزلہ اور آفات سماوی سے بچاؤ کے حوالہ سے مختلف تربیتی ورکشاپس اور سیمینارزکا بھی انعقاد وقتاً فوقتاً ہوتا رہتا ہے ،قدرتی آفات سے بچاؤ اور اس سے آگہی کے سلسلہ میں مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ڈاکٹر انصر یاسین نے بریفنگ ے دوران مزید بتایا کہ 8اکتو بر 2005 کے زلزلہ میں تباہی کے باوجود جامعہ کشمیر نے تعلیمی میدان میں اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھا،آج 6ہزار سے زائد طلبہ جامعہ کشمیر کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم ہیں،جہاں انہیں اعلیٰ تعلیم کے تمام مواقع میسر ہیں، ڈاکٹر انصر یاسین نے وفد کو بتایا کہ یو نیورسٹی میں پی ایچ ڈی اور ایم فل اسکالر کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ڈیزاسٹر سٹیڈیز کے مکمل شعبہ قائم کرنے کے سلسلہ میں ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمدنے نیپال کے وفد کے سربراہ کو جامعہ کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا اور یاد گاری شیلڈ دی۔