آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں کا شہید سجاد احمد کو خراج عقیدت

بدھ 13 جنوری 2016 16:36

سرینگر۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع سرینگر کے علاقے زکورہ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان سجاد احمد بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے سجاد احمد بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے سرفروشی کا راستہ اختیار کرکے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور قوم کے بہتر کل کے لیے اپناآج قربان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر صورت میں جاری رکھا جائے۔ دریں اثنا سید علی گیلانی کی ہدایت پر پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین، یاسمین راجہ، بشیر احمد قریشی اور معراج الدین ربانی پرایک وفدنے شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی ، شبیر احمدڈار، محمد احسن انتو، اقبال میر ، جاوید احمدمیر ، عبدالاحد پرہ، فردوس احمدشاہ ، محمد رمضان خان، فاروق احمد توحیدی،مولوی بشیر احمد اور دیگر نے شہید نوجوان کے جنازے میں شرکت کی ۔

ایاز اکبر کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے بھی جنازے میں شرکت کی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان شہیدنوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی میں بے مثال جانی و مالی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

ترجمان نے کہا کہ ظلم و جبر کے ذریعے زیادہ دیر تک کسی قوم کی مبنی برحق جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا اور نہ مسئلہ کشمیر جیسے حساس مسئلے کے حل سے چشم پوشی کر کے جنوب ایشیائی خطے میں دائمی امن کا خواب دیکھا جا سکتا ہے۔ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں نوجوانوں کے قتل سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قربانیوں ضرور رنگ لائیں گی اور بھارت کو جموں وکشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط ختم کر کے یہاں سے جانا پڑے گا۔ حریت رہنما نعیم احمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہدا جاری تحریک آزادی کا اصل اثاثہ ہیں ۔انہوں نے زو دیکر کہا کہ کشمیری نوجوان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہاتھوں میں ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں حالانکہ امن پسندی کے حوالے سے دنیا بھر میں کشمیریوں کی مثال دی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے ۔مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے شہید نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اْن کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان محمدرفیق گنائی نے سجاد احمد بٹ کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل ہی تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔

مسلم لیگ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی طرف سے بھی اظہار یکجہتی کا پیغام شہید کے لواحقین تک پہنچایا گیا ۔ حریت رہنما فردوس احمد شاہ نے سجاد احمد بٹ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائگا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جاوید احمد میر نے سجاد احمد بٹ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کا خون ضرور رنگ لائے گا۔

ادھر مسلم دینی محاذ نے شہید سجاد احمد بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائیگا۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کا اعلیٰ سطحی وفد ناظم شعبہ سیاسیات ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے سرینگر کے علاقے زیون گیا۔زاہد علی نے اس موقع پر کہا کہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے لیے کشمیری شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :