وفاقی وزیر منصوبہ و ترقی احسن اقبال کا کامسیٹس یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 14:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوئی بھی معیشت سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، موجودہ حکومت توانائی، انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،مشاورت سے تیار کیا گیا وژن2025ملکی ترقی کا روڈ میپ ہے،2050تک پاکستان دنیا کی 25بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔

وہ بدھ کو یہاں کامسیٹس یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ کوئی بھی معیشت سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، ترقی کیلئے پالیسیاں کا تسلسل ضروری ہے،ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے پہلے دور حکومت میں وژن2010متعارف کروایا تھا، موجودہ حکومت توانائی، انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،جس کی وجہ سے آج حکومتی پالیسیوں کی بدولت لوڈشیڈنگ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے،2013میں پاکستان میں 20سے 22گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اورآج اس کی نسبت لوڈشیڈنگ بہت کم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے ملکی معیشت کافی حد تک متاثر ہوئی اور سرمایہ کار پاکستان کوسرمایہ کاری کیلئے غیر محفوظ قرار دے رہے تھے، ہماری حکومت آنے کے بعد ہم نے آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن شروع کیا اور دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ، جس کی وجہ سے ملک میں امن و امان میں بہتری آئی اور اب ماشاء اللہ ہماری معیشت بہت بہتر ہے اور جو عالمی ادارے کہہ رہے تھے کہ پاکستان 2014تک دیوالیہ ہو جائے گا آج وہی ادارے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے دعوت دے رہے ہیں اور محفوظ ملک قرار دے رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نجی شعبے اساتذہ اور میڈیا سمیت سب کو مل کر ملک کو آگے لے کر جانا ہے.

متعلقہ عنوان :