اسلام آباد میں موسلادھار بارش نے غریبوں کی جھونپڑیوں کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کی عالیشان عمارت کی چھت بھی ٹپکا دی

مختلف منزلوں کی چھتیں سارا دن ٹپکتی رہیں، گیلریوں میں ٹپ ٹپ پانی ، بالٹیاں رکھ کر کام چلایا گیا

منگل 12 جنوری 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں منگل کی صبح سے ہونے والی موسلادھار بارش نے غریبوں کی جھونپڑیوں کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کی عالیشان عمارت کی چھت بھی ٹپکا دی، پارلیمنٹ ہاؤس کی مختلف منزلوں کی چھتیں بھی بارش کے ساتھ سارا دن ٹپ ٹپ ٹپکتی رہیں، ایوان بالا کی گیلریوں میں بھی بارش کا پانی ٹپکتا رہا، سینیٹ ہال میں چھت سے ٹپکنے والے پانی کیلئے بالٹیاں رکھ کر کام چلایا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کی مرمت کا کام سی ڈی اے کے ذمہ ہے اور حال ہی میں سی ڈی اے نے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر نازک جگہوں کی مرمت کا کام کیا تھا تاہم حالیہ بارش نے ادارے کی نا اہلی کا پول ایک بار پھر کھول کر رکھ دیا، ماضی میں بھی بارشوں کے دوران متعدد دفعہ پارلیمنٹ کی چھت، مسجد اور کیفے ٹیریا کی چھت ٹپکنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں