بلدیاتی نظام حکومت جمہوریت کی نرسری ہے اس کو اختیارات دیئے بغیر مسائل کو حل کرناممکن نہیں ہوگا ،آصف حسنین ،سید خالد احمد

منگل 12 جنوری 2016 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) ارکان اسمبلی سید آصف حسنین،سید خالد احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام حکومت جمہوریت کی نرسری ہے اس کو اختیارات دیئے بغیر مسائل کو حل کرناممکن نہیں ہوگا اس کے لئے ضروری ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیئے جائیں تا کہ نو منتخب نمائندے عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکیں نو منتخب نمائندوں کے اختیارات کا مسئلہ صرف کراچی یا حیدر آباد کا نہیں یہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اس کے لئے سب نے مل کر جدو جہد کرنا ہوگی کیونکہ بلدیاتی نظام میں عوام کے مسائل نچلی سطح سے حل ہوتے ہیں اس لئے متحدہ قومی موومنٹ کا یہ واضح موقف ہے کہ ملک بھر میں نو منتخب نمائندوں کو اختیارات دیئے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی کورنگی غلام رسول میمن،میونسپل کمشنر طلعت محمود،ڈی ایم سی کورنگی کے افسران کے ہمراہ لانڈھی کے نو منتخب نمائندوں کے علاقے کے مسائل کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام ہمیشہ متحدہ قومی موومنٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔

تمام منتخب نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے مل کر انکے مسائل سنیں اورا ن کے حل کے لئے تمام تر اقدامات کریں کیونکہ حق پرست قیادت نے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر جا کر حل کرنے کا عزم ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی کر رکھا ہے کیونکہ حق پرست نمائندے عوام کے سچے اور مخلص نمائندے ہیں اس لیئے عوام کے درمیان رہ کرمسائل حل کرتے ہیں اور عوام کے مسائل اور ضرورتوں سے بخوبی واقف ہیں وسائل کی کمی ہمارے جذبہ خدمت کو کم نہیں کر سکتی ہے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے نو منتخب نمائندوں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور یہ کہا کہ ڈی ایم سی کورنگی کی پوری انتظامیہ کوشش کرے گی کہ جو مسائل نومنتخب نمائندوں کی جانب سے پیش کیئے جائیں گے یا ان کی نشاندہی کی جائے تو ان کو حل کر نے کے لئے بھرپور اقدامات کیئے جائیں گے اورتمام افسران نو منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر اپنے ضلع کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔