انسداد پولیو کا دوسرا روز، مہم کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر کراچی کا دورہ

انسداد پولیو قومی فریضہ ہے ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف پورا کیا جائیگا، سید آصف حیدر شاہ

منگل 12 جنوری 2016 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) ا نسداد پولیو مہم دوسرے روز بھر پور انتظامات کے ساتھ شروع کی گئی۔کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے سربراہ کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے ذاتی طور پر مہم کی نگرانی کی۔ انھوں نے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز مہم کی کار کردگی کا معائنہ کر نے کے لئے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینٹر عثمان چاچڑ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

اس سے قبل انھوں نے ایمر جنسی آپریشن سینٹر میں ایک اجلاس میں دوسرے روز کی مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر جائزہ اجلاس میں صوبائی کو آرڈیینٹر شہناز وزیرعلی، کو آرڈینٹر احمد علی شیخ ،عالمی ادارہ صحت سمیت عالمی پارٹنرز کے نمائندے بھی مو جو د تھے۔کمشنر کراچی کو اجلاس میں کراچی کی تمام یونین کونسلوں میں مہم کے انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انھیں کمپیوٹر ائزڈ ڈیٹا نظام کے ذریعے انتظاما ت کی تفصیلات بتائی گئیں۔انھیں تمام یونین کونسلوں میں پولیو ٹیموں اور سیکورٹی ٹیموں کی تفصیلات بتائیں گئیں۔ مہم کی کار کردگی کا معائنہ کر نے کے لئے انھوں نے سپورٹ سینٹرز کے دورہ سے کام کا آغاز کیا۔ وہ سب سے پہلے دہلی کالونی میں سندھ گورنمنٹ ڈسپنسری ضلع جنوبی میں سپورٹ سینٹر گئے۔ سپورٹ سینٹر میں انھوں نے پولیو ٹیموں کی تعداد اور دیگر انتظامات سے متعلق تفصیلات معلوم کیں انھیں بتا یا گیا کہ مہم بھر پور تیار کے ساتھ شروع کی گئی ہے۔

پولیو ٹیموں کی مطلوبہ تعداد ہر ممکنہ طور پر پوری کر دی گئی ہے۔ تمام ٹیمیں اور ان کے ایریا انچارجز کو ان کے علاقوں میں مکمل تیاری کے ساتھ روانہ کر دیا گیا۔ جبکہ متبادل ٹیمیں بھی مو جو د ہیں۔ لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں انھوں نے پولیو ٹیموں کی کار کر دگی کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینٹر عثمان چاچڑ اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد فہیم خان اور اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد رفیق شیخ اور دیگر بھی مو جو د تھے۔

انھوں نے اس موقع پر ایریا انچارجز اور پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں سے بھی بات چیت کی اور پولیو کے قطرے پلانے کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔۔ جن بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ان بچوں کی انگلیوں پر قطرے پلانے کے بعد لگائے جانے والے نشانات بھی دیکھے۔گھروں پر کوریج کے نشانات کا بھی معائنہ کیا۔ شیٹ میں درج کوریج سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔

کمشنر نے مجموعی طور پر پولیو ٹیموں کی کار کر دگی کو سراہا ۔جبکہ بعض مقامات پر انھوں نے پولیو ٹیموں کو کار کردگی بہتر بنانے کے بارے میں ہدایات دیں۔انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو قومی فریضہ ہے یہ کوششیں مہم کے آخری روز تک قومی جذبہ اور خدمت کے جذبہ سے جاری رہنی چاہئیں۔۔انھوں نے کہا کہ پانچ سال کے ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مکمل کر نے کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

موجودہ مہم میں کراچی کی 188 یونین کونسلوں میں پولیو کے قطرے پلانے کے لئے چھ ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔جبکہ کراچی انتظامیہ کے ایک سے زائد افسران انسداد پولیو مہم میں معاونت کر رہے ہیں۔ مہم میں 21 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیس اور رینجرز کی مدد سے سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :