پختون بیلٹ کو ترقی کے دھارے سے محروم کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائیگی، سردار حسین بابک

اے این پی کوریڈور منصوبے کو فاٹا ، بلوچستان ،خیبر پختونخوا کی جنگ زدہ عوام کی خوشحالی کا ایک بڑا ذریعہ سمجھتی ہے،جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

منگل 12 جنوری 2016 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ہٹ دھرمی کی سیاست ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے اور اقتصادی راہداری کے روٹ کی تعمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،باچا خان مرکز میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے اس روٹ کو اس لئے اہمیت دی تا کہ انتہا پسندی سے متاثرہ اور پسماندہ رہ جانے والے علاقوں کو ترقیافتہ علاقوں کے برابر لا یا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ اس روٹ سے منافع کی رقم کا 70فیصد صرف پنجاب کو جبکہ 30فیصد باقی سارے ملک کو ملنا ہے جس میں گلگت بلتستان بھی شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ پختون بیلٹ اور بلوچستان کو ترقی کے دھارے سے محروم کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی،سردار حسین بابک نے کہا کہ چاروں صوبے آپس میں بھائی ہیں اور سب کو برابری کی بنیاد پر حقوق دیئے جائیں تو کبھی بھی مسائل پیدا نہیں ہونگے ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فاٹا میں پائی جانے والی احساس محرومیوں کا خاتمہ کیلئے اقدامات کرے ،صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اے این پی آئینی سیاسی اور نظریاتی جماعت ہے اور صوبے کے حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، اے این پی اس منصوبے کو پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے علاوہ فاٹا ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی جنگ زدہ عوام کی بہتری اور خوشحالی کا ایک بڑا ذریعہ سمجھتی ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ مغربی روٹ کے جس فارمولے اور پلان پر ماضی میں فریقین کا اتفاق رائے ہو چکا تھا اس کو تکمیل کے مراحل سے گزارا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کاریڈور روٹ کے معاملے پر اے این پی کا عوامی سیاسی اور پارلیمانی کردار بالکل واضح رہا ہے، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ خدشات کا خاتمہ کر کے ملک کے مفاد میں فوری طور پر مغربی روٹ کی تعمیر کا آغاز کیا جائے۔