خاتون مریضہ کو آپریشن کیلئے 2018 ء کی تاریخ دینا شرمناک ہے‘ عائشہ مبشر

لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو یا غریب خاتون کے آپریشن کا معاملہ، حکمرانوں کے پاس صرف 2018 ء کی تاریخ ہے‘ سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک

منگل 12 جنوری 2016 19:19

خاتون مریضہ کو آپریشن کیلئے 2018 ء کی تاریخ دینا شرمناک ہے‘ عائشہ مبشر

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات عائشہ مبشر نے کہا ہے کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں دل کے مرض میں مبتلا خواتین کو آپریشن کیلئے 2018 ء کی تاریخیں دے جارہی ہیں جو انسانیت دشمنی کی شرمناک مثال اور نام نہاد خادم اعلیٰ کی گورننس منہ پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانو! خواتین کو ’’سکوٹیز‘‘ کی بجائے علاج کی بروقت سہولتیں دو۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ عائشہ مبشر نے کہا کہ دنیا کے کسی مہذب معاشرہ کے اندر اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ کسی مریض کو فوری علاج اور آپریشن کی ضرورت ہو اور اسے 2 سال بعد کی تاریخ دی جائے مگر یہ شرمناک واقعات پنجاب میں ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ خادم اعلیٰ انڈر پاس، میٹرومنصوبے کو تو ایک سال کی قلیل مدت میں پورے کرتا ہے مگر غریب خواتین کے آپریشن کیلئے 2سال بعد کی تاریخ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور پنجاب کی پارلیمانی اپوزیشن ایک ہی پیج پر ہے۔ افسوس عام آدمی کے دکھ درد کا کسی کو احساس نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ق لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف کی خواتین سے کہتی ہیں کہ وہ دل کی مریضہ حنیفہ کے مسئلہ کو پنجاب اسمبلی کے فلورپر اٹھائیں اور اس ظلم اور غیر انسانی حرکت پر صدائے احتجاج بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کی بات ہو یا کسی غریب خاتون کے آپریشن کی حکمرانوں کے پاس صرف 2018 ء کی تاریخ ہے۔

متعلقہ عنوان :