ساہیوال‘موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی میں اضافہ کردیا ‘ سبزی فروٹ منڈیوں اور مختلف بازاروں میں کیچڑ

منگل 12 جنوری 2016 18:57

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) موسم سرما کی پہلی بارش نے ہلکی سردی میں اضافہ کردیا ‘ بارش سے سبزی فروٹ منڈیوں اور مختلف بازاروں میں کیچڑ امڈ آیا ‘ شہریو ں کاکمشنر اور ڈی سی او ساہیوال سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال اور گردونواح میں صبح سویرے سے ہی آسمان پر بادل چھا گئے۔ صبح10بجے کے قریب ہلکی بوندا باندی شروع ہوگئی بعدازاں موسلادھار بارش میں تبدیل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

وقفہ وقفہ سے ہلکی اور موسلا دھار بارش ہو تی رہی سبزی وفروٹ منڈیوں اور دیگربازاروں میں کیچڑ امڈ آیا جس کے باعث شہریوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر حافظ جاوید ارشد کا کہناہے کہ بارش صحت کے لئے انتہائی مفید ہے اس سے نزلہ زکام‘ کھانسی اور بخار کی بیماری ختم ہو ں گی۔ زرعی ماہر الطاف الرحمن چوہدری کا کہناہے کہ بارش فصلوں کے لئے بھی انتہائی مفید ہے جس کے باعث فصلیں شاند ار ہو گی اور کسان خوشحال ہو گا ۔ شہریوں نے کمشنر اور ڈی سی او ساہیوال سے منڈیوں میں کیچڑ اور صفائی کی ناقص صورتحال کا فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :