نئی دہلی میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر سے جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چےئرمین کی ملاقات

منگل 12 جنوری 2016 16:35

نئی دہلی۔ 12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چےئرمین ظفر اکبر بٹ نے نئی دہلی میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ علاقے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دونوں نے مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

ظفر اکبر بٹ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی غرض سے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ان میں کشمیری قیادت کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ سال بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے بعدبھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ہائی کمشنر نے ظفر اکبر بٹ کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

دریں اثناء ظفر اکبر بٹ نے سرینگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان سجاد احمدبٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سالویشن مومنٹ کے رہنماؤں عبدالقیوم ،مولوی مشتاق، اعجاز بیگ اور مشتاق کشمیری پر مشتمل ایک وفد نے سجاد احمد بٹ کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ظفر اکبربٹ نے گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل احتجاج کرنے والے پلوامہ کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ادھر سالویشن مومنٹ کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پولیس نے آج صبح ان کے پارٹی سربراہ ظفر اکبر بٹ کے گھر پر چھاپہ ماراتاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

متعلقہ عنوان :