شہداء کے خون کو جماعت اسلامی فروخت نہیں ہونے دے گی ،عبد الرشید ترابی

منگل 12 جنوری 2016 16:09

باغ،تھب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کے خون کو جماعت اسلامی فروخت نہیں ہونے دے گی اور شہداء کا خون رنگ لائے گا کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ،ہندوستان نے کشمیریوں کو آزادی نہ دی تو اس کے اپنے حصے بخرے ہو جائیں گے ،شہداء کے مشن کا تقاضا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو ہر سطح پر تقویت دی جائے ،تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے ،بین الاقوامی سطح پر سفارتی مہم کا اہتمام کیا جائے بھارت کے مظالم اور اس کے عزائم کو بے نقاب کیاجائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے تھب میں عوام رابطہ مہم کے دوران شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر ضلع نثار احمدشائق،مولانا عبدالروف،مولانا عبدالرزاق،کمانڈر شمشیر خان،آزاد طارق چیئرمین قمرالزمان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر کے سوا کسی اور ایشو پر بات چیت نہ کرے 5لاکھ کشمیریوں نے تکمیل پاکستان کے لیے اپنے سر پیش کیے ہیں آلو پیاز کی تجارت کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بھارت سے بات چیت کو مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلا ء کالے قوانین کا خاتمہ ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں سے آزادی ،سید علی گیلانی سمیت دیگر حریت قائدین پر پابندی کو ختم کرنے سے مشروط کیا جائے انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے اور آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بیس کیمپ کا حقیقی کردار بحال ہو ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حتمی حل تک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو تبدیل نہ کیا جائے جس سے کشمیر کاز متاثر ہو ،آزاد خطے میں نظریاتی حکومت کا قیام بہت ضروری ہے آزمودہ چہرے اور روایتی پارٹیاں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں عوامی مسائل حل کرنے اور مجاہدین کشمیر کی حقیقی نمائندگی کے لیے ضروری ہے کہ اسمبلی میں جماعت اسلامی کو پہنچایا جائے ،انہوں نے کہا کہ جب میں اسمبلی میں تھا تو پوری اسمبلی کو تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر لانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کی طرف متوجہ کرتا رہا اور اپنے حصے کا کام کیا ،اللہ نے موقع دیا اور عوام نے اعتماد کیا تو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرواؤں گا انہوں نے کہا کہ یہ کتنی بد قسمتی کی بات ہے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بال سے حکومت بھاگ رہی ہے یہ کیسا بیس کیمپ ہے جس کے بجٹ میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں ہے انہوں نے کہ آمدہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے فوری طور پر مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جائے ،نادرا ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کی جائیں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیر کونسل اپنے تمام صوابدیدی فنڈز عوام کے ضمیر خریدنے کے لیے استعمال نہ کریں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری اچھی روایات ہیں یہاں آکر کوئی بھی غیر پارلیمانی اور غیر معیاری زبان استعمال نہ کرے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تبدیلی کا ایجنڈا لے کر انتخابی معرکے میں اتری ہے عوام بھرپور انداز سے ہمارے دست وبازو بنیں تا کہ آزاد خطے میں عدل و انصاف پر مبنی اللہ کا نظام قائم کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :