عقیل کریم ڈھیڈی سکیورٹیز کے تین ملازمین کو پانچ روزہ ریمانڈپرجیل بھیج دیا گیا

منگل 12 جنوری 2016 13:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء)کراچی کی عدالت نے فراڈ اور کرپشن کے الزام میں گرفتار اے کے ڈی گروپ کے تین افسران کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور حکم دیا ہے کہ ملزمان کو 5 روز بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔دوسری جانب وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں اے کے ڈی گروپ کے گرفتارافسران کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ضمانت کی درخواست کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر عقیل کریم ڈھیڈی سکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو فرید عالم، ڈائریکٹر طارق اور اقبال گھمرو کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں منگل کوپیش کیاگیا جبکہ ملزموں سے ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ بھی جمع کرا دی گئی۔

(جاری ہے)

ایف آئی کے تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ ملزمان پر ای او بی آئی کے ساتھ فراڈ کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزموں نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن شیئرز میں خوردبرد کر کے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایاہے۔ملزموں کی نشاندہی پر اہم دستاویزات حاصل کر لی ہیں اور چند اہم گرفتاریاں کرنی ہیں لہذا ملزموں کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسرکو تحقیقات مکمل کرکے14دن میں چالان پیش کرنیکاحکم دیا۔عدالت نے تفتیشی افسرسے سوال کیا کہ دیگر19ملزمان کیوں گرفتارنہیں کیے گئے، جس کے جواب میں تفتیشی افسر نے کہا کہ دیگرملزمان لاہوراورفیصل آباد میں ہیں،گرفتاری کیلئے کوشش جاری ہے۔بعداازاں عدالت نے اے کے ڈی سکیورٹیز کے تین ملزموں کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔ دوسری جانب وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں اے کے ڈی گروپ کے گرفتارافسران کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ضمانت کی درخواست کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی اور عدالت کے جج نے کہا کہ چالان کے بغیر درخواست ضمانت کی سماعت نہیں کرسکتے کیونکہ ابھی مقدمے کی فائل بھی نہیں پہنچی ہے۔