کتاب دوستی کے ذریعے ہی ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں ، ڈی جی پی آر

منگل 12 جنوری 2016 13:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان عبداللطیف کا کڑ سے گذشتہ روز یہاں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ریجنل انچارج راحیل احمد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی جی پی آر کو نیشنل بُک فاؤنڈیشن ریجنل آفس کوئٹہ کی کارکردگی اور کتب بینی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن صوبے میں کتب بینی کے فروغ کے لیے بلوچستان بھر میں کتب میلوں کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے تا کہ اعلیٰ اور معیاری کتب کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا جا سکے ۔ ڈی جی پی آر عبداللطیف کا کڑنے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے کتب بینی اور مطالعے کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ این بی ایف یک اعلیٰ مقصد کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف کتاب سے دوستی کے ذریعے ہی ترقی کی منازل کو طے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے فاؤنڈیشن کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو رعایتی قیمت پر کتب کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو مطالعہ کی ترغیب ملے گی۔ اس موقع پر نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ریجنل انچارج نے ڈی جی پی آر عبداللطیف کا کڑ کو فاؤنڈیشن کی جانب سے شائع کردہ قرآنِ پاک کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا۔