کینیڈین رکن پارلیمنٹ کی سید طارق فاطمی سے ملاقات

منگل 12 جنوری 2016 13:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان اور کینیڈا نے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اتفاق کرتے ہوئے وسیع البنیاد ، طویل مدتی اور پائیدار اور شراکت داری کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے کینیڈین ایوان نمائندگان میں لبرل پارٹی کی رکن سلمی زاہد نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی ، کینیڈین رکن پارلیمنٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے سید طارق فاطمی نے وزیراعظم جسٹن ٹرڈیو کی زیر قیادت ان کی جماعت کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان معیشت، تجارت سرمایہ کاری، توانائی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے متعدد پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اعلی سطح پر سیاسی دوروں اور پارلیمانی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ممکنہ طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان وسیع البنیاد ، طویل مدتی اور پائیدار شراکت داری کے قیام کی ضرورت پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے پاکستانی تاجروں کو ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات دور کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کی یکساں طورپر حوصلہ افزائی ہوسکے اور اہم تجارتی نمائشوں میں شرکت کا موقع مل سکے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کینیڈا کی معیشت کی ترقی میں ادا کئے جانیوالے اہم کردارکو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ سلمی زاہد کی واضح کامیابی نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے استحکام اور قوت کو اجاگر کیا ہے۔

سلمی زاہد نے پانچ لاکھ کے لگ بھگ پاکستانیوں کی کینیڈا میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکومت پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا پوری طرح اعتراف کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :