پاکستانی لٹل ماسٹر حنیف محمد کے 499 رنز کی اننگز کو57 سال مکمل

منگل 12 جنوری 2016 12:41

پاکستانی لٹل ماسٹر حنیف محمد کے 499 رنز کی اننگز کو57 سال مکمل

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) پاکستانی لٹل ماسٹر حنیف محمد کے 499 رنز کی اننگز کو57 سال مکمل ہو گئے، انھوں نے11جنوری1959ء کو قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی طرف سے بہاولپور کیخلاف کراچی کے پارسی انسٹی ٹیوٹ گراؤنڈ میں یہ اننگز کھیلی تھی جو طویل عرصے تک ریکارڈ بنی رہی۔حنیف محمد کا یہ ریکارڈ 35 سال تک قائم رہنے کے بعد بالا آخرویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے توڑا جب انھوں نے جون 1994ء میں کاؤنٹی کرکٹ میں واروکشائر کی طرف سے ڈرہم کے خلاف ناقابل شکست 501 رنز بنائے ۔

حنیف محمد نے 499 رنز کی اننگز کھیل کر عظیم بیٹسمین سر ڈان بریڈ مین کا 452 رنز کا 29 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا تھا، جب انھوں نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تو سر ڈان بریڈ مین نے انھیں مبارکباد کا ٹیلی گرام بھیجا تھا لیکن جب حنیف محمد یہ اننگز کھیل رہے تھے تو انھیں اس وقت نہیں معلوم تھا کہ یہ عالمی ریکارڈ کس کا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب میں نے ٹرپل سنچری مکمل کی تو کراچی کی ٹیم کے کپتان میرے بڑے بھائی وزیرمحمد نے مجھ سے کہا کہ اب آپ کو ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا ہے۔

میں نے ریکارڈ کے بارے میں معلوم کیا تو انھوں نے سرڈان بریڈ مین کے 452 رنز کے بارے میں بتایا جس پر میں نے ان سے کہا کہ ابھی تو یہ ریکارڈ بہت دور ہے ، وزیر بھائی کہنے لگے کہ کچھ بھی ہو آپ کو اس ریکارڈ کے لیے پوری کوشش کرنی ہے ۔ حنیف محمد نے سرڈان بریڈ مین کا ریکارڈ تو توڑ دیا لیکن وہ سکورنگ میں غلطی کی وجہ سے اننگز میں نصف ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بننے سے رہ گئے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ویسٹ انڈیز کے تیز بولنگ اٹیک کے خلاف اسی میدان میں 337 رنز سکور کیے تھے اسی لیے میرے لیے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔