مسئلہ کشمیر کاحل پاکستان اور بھارت کے مابین بنیادی اہمیت کا حامل ہے‘ میر واعظ

منگل 12 جنوری 2016 12:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”ع“ گروپ کے چیئرمین میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں تنازعہ کشمیر کے حل کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستانہ تعلقات کے حامی رہے ہیں تاہم مسئلہ کشمیر کو منصفانہ طور حل کئے بغیر یہ تعلقات دیرپا بنیادوں پر استوار نہیں ہو سکتے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیں۔

حریت صدر دفتر پر علاقہ پٹن سے آئے ہوئے مندوبین اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کشمیری عوام اس مسئلہ کے بنیادی اور کلیدی فریق ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں‘ رائے اور خواہش کا اہترام کئے بغیر اس مسئلہ کا کوئی قابل قبول اور آبرو مندانہ حل کی تلاش ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی سیاست قیادت جرات مندانہ اقدامات کر کے کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کے حوالے سے آگے بڑھنے کو ترجیح دینگے کیونکہ اس پورے خطے کی اقتصادی ترقی‘ استحکام و امن کو زیادہ دیر تک متنازعہ مسائل کا یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔