حکومتی پالیسیوں کے ثمرات بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے،معاشی و اقتصادی انقلاب رونما کرنے کیلئے پاک چین راہداری منصو بیپر کام تیزی سے جاری ہے

رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمرکا اجلاس سے خطاب

پیر 11 جنوری 2016 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آبادشعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمر نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائدو وزیراعظم میاں نوازشریف ملک وقوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خاتمہ او روطن عزیز کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے بھی انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات بہت جلدعوام کے سامنے آئیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی آفس اسلام آبادمیں شعبہ خواتین کے زیراہتمام ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت عطاکی،آج دشمن قوتیں پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کو سکون کی نیندیں لوٹانے اور دہشت گردی و لاقانونیت کو جڑوں سے اکھاڑنے کیلئے شروع کئے جانیوالے آپریشن ضرب عضب کو ہر صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا جبکہ وطن عزیز میں معاشی و اقتصادی وانقلاب رونما کرنے کیلئے پاک چائنہ راہداری منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔

بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پالیسیاں وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، وزیراعظم میاں نوازشریف کی حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اورا نہیں بنیادی مسائل سے نجات دلانے کا عزم کررکھا ہے بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے بلدیاتی انتخابات کا صاف اور منصفانہ انعقاد پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا یادگار کارنامہ ہے،اقتدار کی براہ راست عوام کو منتقلی کے بعد دورافتادہ اورپسماندہ علاقوں میں بھی ڈویلمینٹ کے عمل میں تیزی آئے گی اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے کی راہیں ہموار ہونگی۔

متعلقہ عنوان :