عسکریت پسندوں کو سزائے موت پر القاعدہ کی سعودی عرب اور امریکا کو دھمکی

سعودی عرب میں عسکریت پسندوں کو رواں ماہ سزائے موت دیے جانے کا بدلہ لیا جائے گا، امریکا کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی،القاعدہ کی یمنی شاخ سے وابستہ بم ساز ابراہیم بن حسن الاسیری کی آڈیو پیغام میں دھمکی

پیر 11 جنوری 2016 22:38

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء ) دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے عسکریت پسندوں کو سزائے موت پر سعودی عرب اور امریکہ کودھمکی دی ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقدہشت گرد تنظیم القاعدہ کی یمنی شاخ سے وابستہ بم ساز ابراہیم بن حسن الاسیری نے دھمکی دی ہے کہ سعودی عرب میں عسکریت پسندوں کو رواں ماہ سزائے موت دیے جانے کا بدلہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیر کے روز جاری کردہ ایک آڈیو پیغام میں اس عسکریت پسند بم ساز نے کہا کہ ان عسکریت پسندوں کو اس لیے ہلاک کیا گیا کیوں کہ وہ جزیرہ نما عرب میں ’کروسیڈرز‘ کے خلاف کارروائیاں کر رہے تھے۔ اپنے آڈیو پیغام میں الاسیری نے دھمکی دی کہ امریکا کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی، جب کہ سعودی عرب سے ’دوسرے طریقے‘ سے نمٹا جائے گا۔ سعودی عرب میں رواں ماہ کے آغاز پر 47 افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا تھا، جن میں القاعدہ سے وابستہ متعدد عسکریت پسند بھی شامل تھے۔