پٹھان کوٹ حملہ تحقیقات، سابق ایس پی کے بیانات مشین سے جانچنے کا فیصلہ

گرداس پور کے سابق ایس پی سلویندر سنگھ کے اثاثوں کے بارے میں بھی چھان بین شروع

پیر 11 جنوری 2016 22:33

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء ) بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو اب بھی گرداس پور کے سابق ایس پی سلویندر سنگھ پر اعتبار نہیں، بیانات جانچنے کے لیے جھوٹ پکڑنے والی مشین استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،ایجنسی نے سلویندر سنگھ کے اثاثوں کے بارے میں بھی چھان بین شروع کردی ،یکم اور دو جنوری کی شب پٹھان کوٹ میں بھارتی ائیر بیس پر ہوئے حملے کی تحقیقات نے اب ایک نیا موڑ لے لیا ہے،حملوں کے فوراً بعد گورداسپور کے ایس پی سلویندر سنگھ کے متضاد بیانات نے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو چونکایا تھا، اب نیشنل انویسٹیگیشن اتھارٹی سلویندر سنگھ کے اثاثوں کے بارے میں بھی چھان بین کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این آئی اے نے سلویندر سنگھ کو ابھی تک کلین چٹ نہیں دی اور اب جھوٹ پکڑنے کی مشین کے ذریعے جوابات کے صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نئی دہلی میں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے اپنی سوچ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فرد یا تنظیم بھارت کو تکلیف دے تو اسے بھی درد کا مزہ چکھنا چاہیے،بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ کوئی ان کی بات سے اپنے معنی نہ نکالے۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک نیا شوشہ سامنے آیا تھا جس میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کے حوالے سے خبر دی گئی کہ بھارت نے 15جنوری کو پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ کردئے ہیں۔ بعد میں اجیت دوول نے ایک خبر ایجنسی سے انٹرویومیں ایسی کسی بھی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی اخبار کو انٹرویو میں پاک، بھارت مذاکرات کی منسوخی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ادھر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی جس کے دوران پٹھان کوٹ حملے سے متعلق پاکستان کی رپورٹ پر بات چیت کی گئی،جس کے بعد نئے ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو جلد اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔