ریحام خان کا حنیف عباسی کے ہمراہ میٹرو بس ،مسلم ہائی سکول راولپنڈی کے سپورٹس گراؤنڈسمیت دیگر مقامات کادورہ

عباسی صاحب آپ بڑی تبدیلی لائے ہیں ، حسن اتفاق سے میرے ٹی وی پروگرام کا نام بھی تبدیلی ہے ، ریحام خان کی مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی تعریف، سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی

پیر 11 جنوری 2016 22:29

اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما،سابق رکن قومی اسمبلی و راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی کے ہمراہ مسلم ہائی سکول راولپنڈی کے سپورٹس گراؤنڈ، میٹرو بس اور حلقے کے دیگر مقامات میں ترقیاتی منصوبوں کادورہ کیا اور عمران خان کے انتخابی حلقہ این اے 56میں ترقیاتی کام کروانے پر حنیف عباسی کی تعریف کی اور اسے بڑی تبدیلی قرار دیا ۔

تفصیلات کے مطابق پیرکو جب ریحام خان مسلم لیگ (ن)کے رہنما،سابق رکن قومی اسمبلی و راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی کا انٹرویوکرنے ان کی رہائش گاہ پہنچیں تو اس موقع پر مسلم ہائی سکول راولپنڈی کے سپورٹس گراؤنڈ کا دورہ بھی کرایاگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ا س موقع پر ترقیاتی کا م دیکھ کر ریحام خان ان کی معترف ہوگئیں اور بے ساختہ اپنے سابق شوہر کے حلقے میں ایک ہارے ہوئے امیدوار کے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرڈالی ۔

اس دوران انہوں نے کہاکہ حنیف عباسی صاحب آپ نے تو حلقے میں میں بہت اچھا کام کیاہے ۔آپ تو حقیقی تبدیلی لائے ہیں اور اس حوالے سے دلچسپ بات یہ ہے کہ میرے ٹی وی پروگرام کا نام بھی تبدیلی ہے ۔ریحام خان نے کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر لگتاہے کہ لوگ آپ پربے جا تنقید کرتے ہیں اور آپ کے خلاف منفی پراپیگنڈہ ہوتارہاہے ۔ واضح رہے کہ ریحام خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے لئے ان کا تفصیلی انٹرویو بھی ریکارڈ کیا ہے جوممکنہ طور پر جمعرات ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

اس دوران میٹروبس میں سفر کے دوران بھی انٹرویو کابھی کچھ حصہ ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے حلقہ این اے56سے عام انتخابات کے دوران حنیف عباسی کو شکست دی تھی۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی کہ ریحام آئندہ الیکشن میں اس حلقے سے ا لیکشن لڑیں گی ۔(م ق)