حکومت سندھ کی جانب سے شہر کے مصروف شاہراہ رفیقی شہید روڈ کو ون وے کیے جانے کے باعث روڈ پر واقع تین بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں آنے والے طبی عملے اور مریضوں کوشدید مشکلات کا سامنا

پیر 11 جنوری 2016 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) حکومت سندھ کی جانب سے شہر کے مصروف شاہراہ رفیقی شہید روڈ کو ون وے کیے جانے کے باعث روڈ پر واقع تین بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں آنے والے طبی عملے اور مریضوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرناہے ۔ سیکڑوں ایمبولنسز بھی ٹریفک کام کی زد میں آ جاتی ہیں جس سے مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں پریشانی پیش آتی ہے۔

ذرائع کے مطابق رفیقی شہید روڈ جہاں پر تین بڑے اسپتال جناح اسپتال ،قومی ادارہ برائے امراج قلب اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال واقع ہیں کو حکومت سندھ نے بغیر کسی متبادل راستے کے ون وے کردیا ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں آنے والی ایمبولنسز شدید ٹریفک سے متاثرہوتی ہیں۔شدید ٹریفک جام کی وجہ سے سیکڑوں مریضوں کو دور تک پیدل چلناپڑا جس پر ان کی طبیعت مزید ناساز ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

روڈکو ون وے کرنے کی وجہ سے جناح اسپتال ،قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں آنے والے ہزاروں مریضوں کوکئی میٹر دور تک چلنا پڑتا ہے جبکہ سینکڑوں ایمبولنسز اور ہزاروں دیگر گاڑیوں کو گزرنے میں بھی دشواری رہتی ہے۔ روڈ کو ون وے کیے جانے کے باعث مریضوں اور اسپتالوں کے عملے نے شکایت کے انبار لگادیئے ہیں جبکہ ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکاروں اور عوام کے درمیان کئی بار تلخ کلامی بھی ہوچکی ہے۔

پیر کو ٹریفک جام میں پھنسے ایک والد نے اپنے بچے کورکشے سے نکال کر تشویشناک حالت میں این آئی سی ایچ کی ایمرجنسی میں پہنچایا۔ اس حوالے سے وہاں پر موجودٹریفک پولیس اہلکاروں نے بتایاکہ انہیں احکامات موصول ہوئے ہیں کہ روڈ کو ون وے کیا جائے جس پر وہ عملدرآمد کرانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :