لانڈھی کورنگی میں چوری ڈکیتیوں میں اضافہ باعث تشویش ہے،تنویر قریشی

چھ سے زائد تھانوں کی موجودگی میں وارداتیں پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے

پیر 11 جنوری 2016 21:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری مالیات تنویر قریشی نے لانڈھی کورنگی میں چوری ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی مارکیٹیں اور عوام جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں اور عوام کو مسلسل انکی جمع پونجی سے محروم کیا جارہا ہے ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نوٹس لیں ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر بابر مارکیٹ سے آنے والے دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کورنگی Kایریا میں سال کی پہلی بینک ڈکیتی،بابر مارکیٹ میں دکانوں کے تالے ٹوٹنا اور دن دہاڑے دکانداروں کو لوٹنا ،کورنگی چھ نمبر مارکیٹ میں خریداری کیلئے آنے والی عوام کو دن دہاڑے لوٹنا ،گلی محلوں میں دیدہ دلیری سے رہائشیوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کرنے جیسے واقعات مسلسل جاری ہیں لیکن پولیس تاحال مجرموں کی سرکوبی میں ناکام ہے ۔

(جاری ہے)

تنویر قریشی نے کہا کہ چھ سے زائد تھانوں کی موجودگی میں لانڈھی کورنگی میں وارداتیں پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جس کا نوٹس لینا اعلیٰ حکام کی ذمہ داری بنتی ہے لیکن مہینوں سے صورتحال جوں کی توں ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں اشتعال بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لانڈھی کورنگی کی عوام چوروں اور ڈاکوؤں سے تنگ آچکے ہیں ،انتظامیہ جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا نوٹس لے اسکے علاوہ پولیس اور رینجرز گشت میں اضافہ کرے۔

متعلقہ عنوان :