معذور افراد کی بحالی کے لئے پنجاب حکومت جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے‘سیدزعیم حسین قادری

ہائیرایجوکیشن کے لئے ایک سیٹ جبکہ تمام تعلیمی اور اقامتی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کر رہی ہے‘ترجمان پنجاب حکومت

پیر 11 جنوری 2016 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) ترجمان پنجاب حکومت سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ معذور افراد کی بحالی کے لئے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، سوشل ویلفیئر اور بیت المال ڈیپارٹمنٹ ایک مکمل حکمت عملی کے تحت معذور افراد کے مسائل جامع طریقے سے حل کرنے اور ان کے لئے تعلیمی سہولیات ‘ تکنیکی تعلیم اور ملازمت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، معذور افراد کے لئے مختص 3فیصد کوٹے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اب تک3500 آسامیوں کے اشتہارات دیئے جا چکے ہیں اور 1700 معذو ر افراد کو مختلف سرکاری اداروں میں نوکریاں فراہم کی جا چکی ہیں۔

ان معذور افراد میں نابینا‘ جسمانی معذور اور سماعت سے محروم افراد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 590 نابینا افراد مختلف اداروں میں ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف پرائیویٹ اداروں میں بھی معذور افراد کی ملازمت کے لئے مختص کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ معذور افراد کے مسائل کے حل کے لئے مختلف اضلاع میں 36سہولت مرکز قائم کئے گئے ہیں جہاں نابینا افراد کو ملازمت کے حصول کے لئے مکمل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی رہنمائی بھی کی جاتی ہے جبکہ صوبائی سطح پر لاہور میں مرکزی سہولت سنٹرز پر تمام اضلاع کی نگرانی کی جاتی ہے۔

پنجاب حکومت نے معذور افراد کے لئے کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلے کے لئے عمر کی بالائی حد ختم کر دی ہے اور تمام قسم کے تعلیمی اور اقامتی اخراجات ختم کر دیئے ہیں۔ ہائیرایجوکیشن (ایم فل‘ پی ایچ ڈی)کے لئے ہر ادارے میں ایک سیٹ معذور افراد کے لئے مختص کی گئی ہے۔ کسی بھی سرکاری یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر معذور افراد کو لیپ ٹاپ دیا جاتا ہے جبکہ ڈگری مکمل کرنے پر وہیل چیئر بھی حکومت کی طرف سے دی جاتی ہے۔

مقابلے کے امتحانات میں معذور افراد کے ساتھ مددگار کو بٹھانے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ معذور افراد کے لئے خصوصی شناختی کارڈز جاری کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کو کسی بھی جگہ پر اپنی شناخت کروانے کے حوالے سے دشواری پیش نہ آئے۔تمام قسم کے کرایوں میں 50فیصد رعایت دی جا رہی ہے جبکہ معذور افراد کے لئے خصوصی کار کی درآمد کو ڈیوٹی فری قرار دیا گیا ہے۔

تمام سرکاری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں معذور افراد کے لئے فری علاج کی سہولت مہیا کی گئی ہے اور سرکاری ملازمت کے حصول کے لئے عمر کی حد میں 10سال تک کی رعایت دی جا رہی ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کرمعذور افراد کی بحالی کے لئے مختلف قسم کی ٹریننگز کا اہتمام بھی کر رہی ہے۔اس سلسلے میں معذور افراد اور سول سوسائٹی کا تعاون اہم حیثیت کا حامل ہے جس کے بغیر کامیابی کا حصول ناممکن ہے۔

پنجاب حکومت کے اقدامات کی کامیابی کا دارومدار تمام شہریوں خصوصاً معذور افراد کے تعاون پر منحصر ہے۔ ہم سب مل کر خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ سڑکوں پر آ کر ٹریفک جام کر کے کسی بھی قسم کے تعمیری مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ ایسی غیرجمہوری کوششوں سے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :