سعودی عرب ، سیکیورٹی فورسز نے چھاپوں کے دوران36سعودی باشندوں سمیت49 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا

گرفتار افراد پر دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، مشتبہ افراد نے کسی قسم کے مزاحمت کے بغیر خود کو حکام کے حوالے کیا

پیر 11 جنوری 2016 21:43

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 36سعودی باشندوں سمیت49 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد نے کسی قسم کے مزاحمت کے بغیر خود کو حکام کے حوالے کیا ہے۔ان میں 36 سعودی ،6 شامی ،4 یمنی ،ایک سوڈانی اور ایک فلپائنی شامل ہے۔

یہ گرفتاریاں گذشتہ 10روز کے دوران کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ستمبر 2015ء میں دارالحکومت ریاض اور دمام میں بیک وقت چار مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردی کا ایک سیل پکڑنے کا اعلان کیا تھا۔یہ سیل اگست میں ابھا شہر میں خودکش حملہ کرنے والے بمبار سے وابستہ تھا۔ریاض میں کارروائی کے دوران سعودی فورسز نے ایک مطلوب شخص فیصل حامد الغامدی کو بھی گرفتار کیا تھا جس نے اپنے والد کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ستمبر میں ایک اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران جھڑپ میں ایک مشتبہ جنگجو عقیل عمیش المطائری ہلاک ہوگیا تھا۔سعودی عرب میں گذشتہ سات سال کے دوران دہشت گردی کے الزامات کے تحت 4777 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔