پشاور،سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولیات کیساتھ سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کی آمدن متوقع ہے اکبر ایوب خان

پیر 11 جنوری 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے انکشاف کیا ہے کہ نشتر آباد ہائی رائز فلیٹس رہائشی منصوبے کی تعمیر سے جہاں سرکاری ملازمین کے رہائشی مسائل حل ہوں گے وہاں پشاور کے عوام کو شہر کی پرائم لوکیشن پر بین الاقوامی معیار کی تفریحی سہولیات کے ساتھ ساتھ بھرپور کاروباری مواقع بھی میسر آ سکیں گے جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کی آمدن بھی متوقع ہے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کے روز سی اینڈڈبلیو سیکرٹریٹ پشاور میں نشتر آباد ہائی رائز فلیٹس منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری سی ا ینڈڈبلیو انجینئر آصف خان،چیف انجینئر سنٹرل فضل کبیر خان،ڈپٹی سیکرٹری نواز خان،سپرنٹنڈنگ انجینئر پراونشل بلڈنگ غفور خٹک اور ایسوسی ایٹیڈ انجینئرنگ کنسلٹنٹ کے چیف آرکیٹیکٹ اشفاق احمدچوہدری کے علاوہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایٹیڈ انجینئرکنسلٹنٹ کے چیف آرکیٹیکٹ نے اجلاس کے شرکاء کونشتر آباد ہائی رائز فلیٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ 36.50کنال اراضی پر محیط کثیر منزلہ عمارت 6بلاکس پر مشتمل ہوگی جس میں تین کمروں کے 144فلیٹس بنائے جائیں گے۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت کے مطابق منصوبے میں ضروری ترامیم بھی کر دی گئی ہیں جس سے نہ صرف اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا بلکہ سرکاری خزانہ کو بھی کثیر آمدنی متوقع ہے۔

کنسلٹنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ ہائی رائز فلیٹس کی پہلی اور دوسری منزل پر بین الاقوامی طرز کا سنٹرلی ایئر کنڈیشنڈ شاپنگ مال،چار جدید سینما ہالوں کے علاوہ بچوں کے لئے فن لینڈ اورفوڈ پارک کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔مشیر تعمیرات و مواصلات اکبر ایوب خان نے متعلقہ حکام کو نشتر آباد ہائی رائز فلیٹس منصوبے سے متعلق تمام امور کوترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کو جلد از جلد وزیر اعلیٰ کی منظوری کے لئے پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ شہریوں کوایک چھت تلے مثبت تفریح کے مواقع اور سرمایہ کاروں کو بھی راغب کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :