لاہور : ہونڈا ایٹلس نے 2016 HR-V پاکستان میں متعارف کروادی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 جنوری 2016 16:29

لاہور : ہونڈا ایٹلس نے  2016 HR-V  پاکستان میں متعارف کروادی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 11 جنوری 2016 ء) : ہونڈا ایٹلس نے لاہور میں منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب کے دوران 2016ء ہونڈا HR-V لانچ کر دی ہے۔ نئی ہونڈا HR-V 2016 کو 1500 سی سی i-VTEC انجن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ جس کے ساتھ ہونڈا کا CVT بھی شامل ہے۔ اس مختصر SUV میں پیڈل شفٹرز کے علاوہ دور جدید کی کئی ایک ٹیکنالوجیز مثلاً پُش اسٹارٹ (بٹن کے ذریعے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی سہولت)، کلائمیٹ کنٹرول (مناسب درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی سہولت)، کی لیس انٹری (بنا چابی گاڑی کھولنے کی سہولت) کے ساتھ کروز کنٹرول اور الیکٹرانک پارکنگ بریکس شامل ہیں۔

گاڑی میں 7 انچ ٹچ اسکین بھی لگائی گئی ہے جو معلوماتی و تفریحی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔ ہونڈا HR-V کی خصوصیات میں17 انچ کے پہیے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس ماڈل کی حفاظتی سہولیات بھی قابلٍ ذکر ہیں تو نئی ہونڈا HR-V میں وی ایس اے، اے بی ایس، دہرے ایس آر ایس ایئربیگز کے ساتھ بیک ویو مررز بھی دیے گئے ہیں۔ہونڈا ایٹلس اس نئی گاڑی کو مختلف رنگوں پرل ( سیاہ، سفید، سرخ اور نیلا) اور ٹھوس(سیاہ اور سفید) میں پیش کرے گی ، چمکیلے(اسٹیل اور نقرئی ہونڈا ایٹلس) کی جانب سے اس نئی گاڑی کی قیمت 36,19,000 روپے رکھی گئی ہے۔

اس قیمت میں 2 سال کی وارنٹی بھی فراہم کی جارہی ہے۔ مزید 24 ہزار روپے کے عوض آپ گاڑی میں اضافی سہولیات سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ہونڈا HR-V کی پیشکش کا مقصد ہونڈا ایٹلس کے پورٹ فولیو میں اضافے کے ساتھ جاپان سے درآمد کی جانے والی ہونڈا وِزل کا متبادل فراہم کرنا بھی ہے۔ گذشتہ کئی ماہ سے ہونڈا ایٹلس کی تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت مسلسل تنزلی کا شکار رہی ہے۔

لہٰذا اس نئی گاڑی کو پیش کرکے ہونڈا ایٹلس نے اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو برقرار رکھنے کی بھر پور کوشش کی ہے۔اس گاڑی کا نام HR-V دراصل Hi-Rider Revolutionary Vehicle کا مخفف ہے۔ اس کا شمار جاپانی کار ساز ادارے ہونڈا کی مشہور زمانہ گاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ HR-V مختصر SUV ہے جس کا انداز ہونڈا وِزل سے ملتا جلتا ہے۔ البتہ اس میں کئی ایک قابلٍ ذکر تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ عالمی سطح پر HR-V کی دوسری جنریشن پیش کی جا رہی ہے البتہ پاکستان میں پیش کی جانے والی یہ پہلی جنریشن ہے۔ HR-V کی تیاری کے لیے ہونڈا فِٹ تھرڈ جنریشن کا پلیٹ فارم استعمال کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :