قومی منصوبوں پر سیاست نہیں کی جائے ، پاکستان کا مستقبل روشن ہے،اسحاق ڈار

پیر 11 جنوری 2016 16:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں پر سیاست نہیں کی جائے ، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، خود مختار، خوشحال اور مستحکم پاکستان بنا کر دم لیں گے ، بہت سے ملک اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کیلئے تیار ہیں ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا قیام ملک کی ضرورت تھا، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان سے متعلق 2013 میں کی جانے والی خوفناک پیش گوئیاں غلط ثابت کردیں۔

لاہور، کراچی اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے انضمام سے قائم کی گئی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کا دن تاریخی ہے جس پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ تمام کام کیے جاسکتے ہیں، قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا ویژن واضح ہے ، مستقبل کی ضروریات کو مد رکھتے ہوئے قانون سازی کی جارہی ہے ، پاکستان کی منظر کے حصول کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ، معیشت کی ترقی کی ترقی میں اسٹاک ایکسچینج کا کردا رکلیدی ہے، معیشت کی بحالی کے لئے واضح روڈ میپ بنایا گیا ہے ، معیشت انسداد دہشت گردی ، توانائی اور شعبوں کی ترقی ہماری ترجیحات ہیں ، مسلسل محنت کے ذریعے ہم نے اپنے اہداف کم مدت میں حاصل کئے، پاکستان کی ریٹنگ منفی سے مثبت ہو گئی ہے ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا خواب پورا ہونے میں 15سال لگے ہیں جبکہ ملک کو اس کی اشد ضرورت تھی، معیشت کی مضبوطی کے لئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے قانون سازی کی جارہی ہے اور قانون سازی سے متعلق حکومت کا وڑن واضح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، خوشحال، خودمختار اور باوقار پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں اور ایک دن ایسا کرکے دکھائیں گے اور یہ سفر کم سے کم مدت میں طے کرنا چاہتے ہیں، ہم نے مسلسل محنت کے ذریعے اپنے اہداف کم مدت میں حاصل کیے لیکن منزل کے حصول کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے، معیشت کی بحالی کے لیے واضح روڈ میپ بنایا ہے۔وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ وہی پاکستان ہے جس کے بارے میں 2012 اور 2013 میں خوفناک پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن موجودہ حکومت نے پاکستان سے متعلق کی جانے والی پیشگوئیاں غلط ثابت کردیں جب کہ اس وقت پاکستان کے پاس 6 ماہ کے زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں جس کی ریٹنگ منفی سے مثبت ہوگئی اور جیٹرو کے مطابق پاکستان سرمایہ کاری کے لئے دوسرا پرکشش ملک بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے 22 ممالک نے پاکستان کے معاشی کردار کو سراہا اور اب چین کے بعد سعودی عرب بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے،غیر ملکی جریدوں کے مطابق پاکستان سرمایہ کاری کیلئے دوسرا پرکشش ملک بن گیا ہے اور آنے والے وقت میں پاکستان سٹاکس ایکسچینج کی افادیت زیادہ واضح ہو گی ، پاکستان کی بہتری کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے ، مارچ2018ء تک بجلی کی طلب و رسد کا فرق ختم ہو جائے گا ، 14ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، موجودہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ، انسداد دہشت گردی سے متعلق حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ہم نے پاکستان کے ہر حصے پر حکومتی رٹ قائم کی ، قومی اہمیت کے منصوبوں پر سیاست نہ کی جائے ، امن کی بحالی اور معاشی بہتری کے بعد سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ، چین کے 46ارب ڈالر کے پیکج سے ملک میں خوشحالی و ترقی کی نئی لہر آئے گی ، آئندہ ڈھائی سال میں روز گار کے نئے مواقعوں پر توجہ دیں گے، دنیا کے 22مالیاتی اداروں نے پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہا ہے، تاجروں کو ملکی معاشی ترقی کے لئے اعتماد میں لیا ، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں ،رضا کارانہ ادائیگی سکیم ماضی کی ایمنسٹی سکیم سے مختلف ہے ، ہمیں ملک میں ٹیکس ادا کرنے کے کلچرکو فروغ دینا ہے ، ٹیکس محصولات کے اضافے سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں ، ایٹمی قوت ہونے کیساتھ ہمیں معاشی لحاظ سے بھی مضبوط ہونا ہوگا ، مسلم لیگ (ن) کا ویژن خوشحال ، مستحکم اورخودمختار پاکستان ہے۔

درپیش چیلنجز سے متحد ہو کر ہی نمٹا جاسکتا ہے ، میثاق جمہوریت کی طرح میثاق معیشت پر بھی دستخط ہونے چاہئیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں پر سیاست نہیں کی جانی چاہیئے،حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی توجہ دیئے ہوئے ہے،حکومت نے ملک کے ہرحصے میں اپنی رٹ قائم کی، بلوچستان میں پہلے قومی ترانے نہیں بجائے جاتے تھے اور قومی پرچم نذرآتش کئے جاتے تھے لیکن اب وہاں قومی پرچم لہرائے اور قومی ترانے بجائے جارہے ہیں۔ آئندہ آنے والے وقت میں پاکستان کا مستقبل کافی روشن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :