نویں نیشنل ٹین پین باؤلنگ چمپئن شپ 25 جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

پیر 11 جنوری 2016 15:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) نویں نیشنل ٹین پین باؤلنگ چمپئن شپ 25 جنوری سے 30 جنوری تک لیژر سٹی بولنگ کلب صفہ گولڈ مال جناح سپر مارکیٹ اسلام آباد میں منعقد کی جائیگی، جس میں مختلف کٹیگری کے مقابلے ہونگے۔پروفیشنل ایونٹس میں سنگلز ، ڈبلز، ٹرائس اور ٹیم مقابلے ہوں گے۔اس کے علاوہ سپیشل پرسنز، بچوں اور میڈیا ( جرنلسٹ) کے درمیان مقابلے ہونگے۔

سیکرٹری پاکستان ٹین پن باوٴلنگ فیڈریشن اعجاز الرحمان اور لیژرسٹی بولنگ کلب کے منیجنگ ڈایریکٹر احمد جان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس دفعہ چمپئن شپ میں پورے ملک سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی شرکت کریں گے۔اور ہر ایونٹ میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔اس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں کو اچھی تفریخ کے موقع بھی ملیں گے ، چمپئن شپ کے پروفیشنل ایونٹ کے سنگلز ایونٹ میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو کیش اور پرکشش انعامات کیساتھ ساتھ میڈلز بھی دئیے جائینگے۔

(جاری ہے)

چمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی جائیگی، جس میں وفاقی وزراء کیساتھ مختلف ڈپلومیٹس بھی شرکت کرینگے۔انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ اسلام آباد میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور سی ڈی اے کو فی الفور احکامات جاری کریں کہ وہ جلد از جلد اسلام آباد میں پاکستان ٹین پن باولنگ فیڈریشن کیساتھ مل کر انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا باؤلنگ کلب بنائے تاکہ اس میں بین الاقوامی سطح پر ٹورمنٹ منعقد کئے جائیں اور زیادہ سے زیادہ ممالک کے کھلاڑیوں کو بلایا جائے تاکہ ہم پاکستان کا امیج بہتر بنائیں۔