ہری پور یونیورسٹی کی ٹیم نے انٹرکالجیٹ فٹبال چیمپئین شپ جیت لی

پیر 11 جنوری 2016 15:17

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء)ہری پور یونیورسٹی کی ٹیم نے انٹرکالجیٹ فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میچ میں گورنمنٹ اخترنوازخان شہیدڈگری کالج کھلابٹ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر تیسری انٹرکالجیٹ فٹبال چیمپئین شپ جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈائریکٹرسپورٹس رفیق خان،کھلابٹ کالج کے ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسرحفیظ خان،عبد القدوس خان اورسعید خان کے علاوہ بھی دیگر اساتذہ وطلبہ کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

گذشتہ روزہری پور یونیورسٹی میں منعقدہ تیسری انٹرکالجیٹ فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا جب کہ یونیورسٹی کی طرف سے پہلے ہاف کے سولہویں منٹ میں سنٹرفارورڈ عنایت نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جب کہ پہلے ہاف کے ہی 33ویں منٹ میں عنایت نے ایک اورگول اسکور کرکے یونیورسٹی کی پوزیشن دوگول کی برتری سے مزید مستحکم بنا دی جب کہ دوسرے ہاف کے 16ویں منٹ میں ہونہار کھلاڑی احسن نے پنلٹی کک پر یونیورسٹی کی طرف سے تیسراگول بھی اسکور کرکے مقابلہ یکطرفہ بنادیا جس کے مقابلے میں گورنمنٹ اخترنوازخان شہیدڈگری کالج کھلابٹ کی ٹیم کوئی بھی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اس طرح ہری پور یونیورسٹی نے تیسری انٹرکالجیٹ فٹبال چیمپئین شپ میں بھی فاتح ہونے کا قابل فخراعزاز اپنے نام کر لیا جس پر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس رفیق خان نے تمام کھلاڑیوں کو ان کے عمدہ کھیل پر مبارکباد دی جب کہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرناصرعلی خان نے بھی یونیورسٹی کھلاڑیوں اورڈائریکٹرسپورٹس رفیق خان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ہری پور یونیورسٹی کے کھلاڑی آئندہ بھی اپنی ان فتوحات کا تسلسل جاری رکھیں گے۔

ڈسٹرکٹ کلبزکرکٹ