کام کا بوجھ اٹھانے والے دوستی اور تعلقات نبھانے کا ہنر زیادہ اچھی طرح جانتے ہیں،ماہرین

پیر 11 جنوری 2016 14:14

برلن ۔ 11 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جنوری۔2016ء)ماہرین نے کہا ہے کہ اپنے پیشوں کو بھاری ذمہ داری سے نبھانے والے لوگ دوستی اور تعلقات نبھانے کا ہنر دوسروں سے زیادہ اچھی طرح سے جانتے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کی' ای ٹی ایچ زیورخ یونیورسٹی'کے ڈپارٹمنٹ آف منیجمنٹ، ٹیکنالوجی اینڈ اکنامکس سے وابستہ محقق ڈین انگر نے کہا کہ ہمارے مطالعے نے روایتی دانش مندی اور متعدد سائنسی مطالعوں پر یہ سوال کھڑا کیا، جو کہتے ہیں کہ لمبے گھنٹوں تک کام کرنے والوں کا رومانوی رشتہ خطرے میں ہوتا ہے۔

اس مفروضے کو ثابت کرنے کے لیے ڈین انگر اور شریک تحقیق کاروں نے ایک مطالعہ کیا جس میں 285 ملازمت پیشہ شادی شدہ جوڑے شامل تھے۔مطالعے کے شرکاء سے ایک سوالنامہ بھروایا گیا جس میں ان سے کام کے گھنٹوں کا ریکارڈ اور ذاتی زندگی میں اطمینان کے حوالے سے پوچھا گیا تھا جبکہ یہ بھی دیکھا گیا کہ بظاہر ان جوڑوں کا رومانوی رشتہ کیسا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

نتائج سے ظاہر ہوا کہ ایسے جوڑے جو کام پر زیادہ وقت گزارتے تھے وہ کام کے بعد بھی شریک حیات کے ساتھ زیادہ مئوثر طریقے سے اپنا وقت گزار رہے تھے۔

ڈین انگر نے سائنسی پرچے میں لکھا کہ کرئیر رکھنے والے لوگ جو کام پر زیادہ گھنٹے خرچ کرتے ہیں وہ اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ وہ اپنا وقت کہاں مختص کریں، جس کی وجہ سے وہ کم وقت کے باوجود شریک حیات کے ساتھ زیادہ معیاری وقت گزارتے ہیں۔ڈین انگر نے کہا کہ ہمیں کام کے وقت اور رومانوی اطمینان کے درمیان منفی تعلق نہیں ملا بلکہ ہمارے نتیجے نے عام نظریہ کو چیلنج کیا ہے۔

محققین نے کہا کہ ہمارا مطالعہ تجویز کرتا ہے کہ اگر ایک شخص کامیاب کیرئیر کے ساتھ صحت مند رومانوی رشتے کو بھی اچھی طرح سے نبھانا چاہتا ہے تو بہت سے طریقے ہیں مثلاً کبھی کبھار خاندان کے ساتھ رات کے کھانے پر باہر جائے یا پھر تعطیلات لے کر گھومنے کے لیے نکل جائے تاکہ ازدواجی زندگی کو خوشحال بنایا جا سکے۔