چین کا سعودی عرب اور ایران کو تحمل وبرداشت سے کام لینے کا مشورہ

پیر 11 جنوری 2016 14:13

بیجنگ ۔ 11 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جنوری۔2016ء) چین نے سعودی عرب اور ایران کو حالیہ کشیدگی کو دور کرنے کیلئے برداشت اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ اس بات کا اظہار پیر کو چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کیا گیا ہے جس میں چینی نائب وزیر خارجہ ژانگ ینگ کے دورہ سعودی عرب اور ایران کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق چین نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنے نائب وزیر خارجہ کو گزشتہ ہفتے دورہ ریاض اور تہران بھیجا اور ان ممالک کی قیادت کو چین کی حکومت کا پیغام پہنچایا جس میں دونوں فریقین سے تحمل و برداشت سے کام لینے اور معاملات کو بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

چین نے ایرانی حکومت سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ علاقائی امن و استحکام کی خاطر بحران کے حل کیلئے ملکر کام کریگی۔