غرب اردن اور بیت لحم میں دو مزید اسرائیلی فوجی کنٹرول ٹاور ز کی تعمیر شروع

پیر 11 جنوری 2016 13:03

الخلیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء)غرب اردن کے شہروں الخلیل اور بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے دو مزید کنٹرول ٹاور قائم کرنا شروع کئے ہیں۔فلسطین میں لینڈ ریسرچ سینٹر کی جانب سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے الخلیل شہر میں عیسیٰ الفروخ نامی شہری کی ڈیڑھ دونم اور بیت لحم میں جرادات خاندان کی ملکیتی تقوع قصبے میں ایک دونم اراضی پر کنٹرول ٹاور تعمیر کرنا شروع کردیئے۔

(جاری ہے)

ریسرچ سنٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے الخلیل میں کنٹرول ٹاور کی تعمیر کیلئے فلسطینی شہری کی اراضی ہتھیانے کے بعد اسے ہموار کرنا شروع کردیا ہے۔درایں اثناء مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں کی مدد سے الخلیل میں اسماعیل شلالدہ نامی شہری کی اراضی ہموار کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی شہری کو پہلے سے کسی قسم کا آگاہی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔ یہ کنٹرول ٹاور السعیر قصبے میں تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں جمعرات کو اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 4فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔