اسرائیلی فوج پرحملوں کی منصوبہ بندی کا الزام،شاباک نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

پیر 11 جنوری 2016 13:02

الخلیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) اسرائیلی داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے’شاباک‘ نے الخلیل سے حماس سے تعلق رکھنے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حراست میں لئے گئے فلسطینی اسرائیلی فوج اور صہیونی ریاست کی تنصیبات پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ یہودی آباد کار بھی ان کی ہٹ لسٹ پرتھے جنہیں وہ اغواء یا قتل کرنے کی سکیم تیار کررہے تھے۔

اسرائیلی اخبارکی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ حال ہی میں خفیہ اداروں کی نشاندہی پر الخلیل سے حماس سے وابستہ 4افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے M16 بندوق اور پستول سمیت دیگر آتشی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حراست میں لئے گئے فلسطینیوں سے خفیہ مقام پر تفتیش جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج اوریہودی آباد کاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

یہ اسلحہ اسی لئے لے رکھا تھا۔اخباری رپورٹ میں حراست میں لئے گئے شہریوں میں سے ایک کی شناخت 38 سالہ محمد علی القواسمی جو تین بار عمرقید کی سزا کا سامنا کرنیوالے حسام القواسمی کے بھائی کے نام سے کی گئی ہے۔ حسام پر جون 2014 ء میں الخلیل سے تین یہودیوں کے اغواء کے بعد قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسی الزام کے تحت اسے 3بار عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ جلد ہی ان کیخلاف فرد جرم بھی عدالت میں پیش کردی جائیگی۔چاروں فلسطینیوں پر اسرائیل کیخلاف سازش، یہودی فوجیوں اور آباد کاروں کے قتل کی منصوبہ بندی اور حماس کیساتھ تعلق کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :