فلسطینی تنظیمیں رفح گزرگاہ کا کنٹرول مشترکہ کمیٹی کو دینے پر متفق

پیر 11 جنوری 2016 13:02

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) حماس سمیت فلسطین کی کئی دوسری سیاسی ، مذہبی جماعتوں نے مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان قائم رفح گزرگاہ کی نگرانی کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے جبکہ حماس نے کہا ہے کہ گزرگاہ کی نگرانی مشترکہ کمیٹی کے حوالے کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہے۔ گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں حماس کی میزبانی میں ہونیوالے اجلاس میں دوسری فلسطینی جماعتون کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماس ترجمان سامی ابو زھری نے کہا کہ فلسطینی تنظیموں کے اجتماع کا مقصد رفح گزرگاہ کی نگرانی کے معاملے کا کوئی حل نکالنا تھا۔ حماس سمیت تمام جماعتوں نے رفح گزرگاہ کی نگرانی کیلئے ایک مشترکہ قومی کمیٹی تشکیل دینے سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے تمام جماعتوں پر واضح کردیا ہے کہ رفح گزرگاہ کی تمام تر نگرانی کا اختیار فلسطین کی قومی حکومت کو دینے میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں۔ گزرگاہ کی نگرانی کیلئے تمام جماعتوں کے اشتراک سے کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ غزہ کا بیرونی دنیا سے رابطہ ممکن بنایا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی کی مصر سے ملحقہ راہ داری کی نگرانی کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل میں کوئی امر مانع نہیں ہے۔