نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کی کوشش کریں گے، سٹیون سمتھ

اتوار 10 جنوری 2016 15:59

نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کی کوشش کریں گے، سٹیون سمتھ

سڈنی ۔ 10 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جنوری۔2016ء) آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ ملک سے باہر سیریز جیتنا ٹیم کا اصل امتحان ہو گا، آئندہ ماہ دورہ نیوزی لینڈ ٹیم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فتح کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تمام شعبوں میں سخت محنت کرنا ہو گی۔ کینگروز نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتی تھیں اور اب اس نے دورہ نیوزی لینڈ میں کامیابی پر نظریں جما لی ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی ٹیم کے قائد سٹیون سمتھ نے کہا کہ کھلاڑی ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ اچھا کھیلتے ہیں تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ملک سے باہر سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات سمیٹنا چیلنجنگ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ دورہ نیوزی لینڈ اہمیت کا حامل ہے، وہاں کی کنڈیشنز بھی مختلف ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی کنڈیشنز سے اچھی ہم آہنگی حاصل کر کے حریف ٹیم کو نہ صرف سیریز میں ٹف ٹائم دیں گے بلکہ سیریز میں بھی فتوحات سمیٹیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سخت محنت کرنا ہو گی۔