چین اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے مقابلے کیلئے تاجر برادری کو سہولیات دی جائیں گی ،ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ،تاجروں کی ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت کے لئے نیا ٹیکس سسٹم متعارف کروایا جارہاہے ،ایک ہی پلیٹ فارم سے ٹیکس وصولی کی جائیگی

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا گوجرانوالہ چیمبرسے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 22:15

گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ،بلا شبہ گوجرانوالہ کی تاجر برادری ملکی ترقی وخوشحالی میں انتہائی اہم کردار ادا کررہی ہے اور صنعتی اعتبار سے گوجرانوالہ پنجاب کا تیسرا بڑاشہر ہے،تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہوں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا کیونکہ اگر تاجر خوشحال ہوگا تو وہ ملکی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

وہ ہفتہ کویہاں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسری کے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ صدر چیمبر سمیع اﷲ نعیم‘ نائب صدر شیخ عبدالر?ف ‘ سابق صدور ‘ اراکین مجلس عاملہ‘ ایس ایس پی آپریشن علی ضیاء‘ اے سی سٹی عتیق الرحمان کے علاوہ تاجربرادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری خصوصاً گوجرانوالہ کے تاجروں پر قوم کو فخرہے جو کہ ملک کو بہت بڑا ریونیو فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت کے لئے نیا ٹیکس سسٹم متعارف کروایا جارہاہے جس کے تحت انہیں باقی محکموں سے نجات مل جائے گی اور ایک ہی پلیٹ فارم سے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت تاجر برداری کو جہاں سہولت میسر آئے گی وہاں کرپشن کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش‘ کوریا‘ چائنہ‘ انڈیا اور دیگر ممالک سے مقابلہ کرنے کیلئے تاجر برادری کو سہولیات دی جائیں گی اس کیلئے ماحول کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تاجر نامساعد حالات کے باوجود معیشت کا پہیہ چلا کرلاکھوں مزدوروں کو روزگار فراہم کئے ہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل تحسین ہے کہ آپ کے دلوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لوگوں کا درد ہے تمہاری روزی میں دکھی و کم وسیلہ طبقات کے لوگوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی قابل تحسین ہے کہ آپ لوگ مختلف ٹرسٹ و ہسپتال چلارہے ہیں جن سے دکھی انسانیت کی خدمت کا عمل جاری ہے۔ ان کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی قیادت و پارٹی کا اعتمادحاصل ہے اور گوجرانوالہ کی سیاسی و کاروباری برادری میری ساتھی اور یہاں سے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے جو نمائندے منتخب ہوئے ہیں وہ بھی ملکی خدمت میں کردار ادا کریں اور یہ انتخابات گراس روٹ لیول پر تحفہ ثابت ہونگے ان سے عوام کے مسائل ان کی دہلیزپر حل ہونگے اور ملک ترقی وکامرانی کی منزل پر گامزن ہوگا۔

تقریب سے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں، گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری خالد لطیف کی سربراہی میں عہدیداروں کے ایک وفد نے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں خصوصی ملاقات کی اور گوجرانوالہ میں ہائی کورٹ کے بنچ اور وکلاء کالونی کے قیام کے لئے مطالبات پیش کئے۔ گورنر نے یقین دلایا کہ وہ ان دونوں مطالبات کے سلسلہ میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کریں گے۔

دریں اثنا ،اراکین پارلیمنٹ نے بھی سرکٹ ہا?س گوجرانوالہ میں گورنر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر اظہار خیال کیا۔ اراکین پارلیمنٹ چوہدری محمود بشیر ورک ایم این اے‘ جسٹس (ر) افتخار احمد ایم این اے‘ میاں طارق محمود ایم این اے کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اقبال‘ عبدالر?ف مغل‘ اشرف انصاری‘ اکمل سیف چٹھہ‘ عمران خالد بٹ‘ نواز چوہان‘ توفیق احمد بٹ نے پنجاب یونیورسٹی کیمپس کی مزید بہتری اور سول ہسپتال کی صورتحال میں بہتری لانے اور عوامی ضروریات کے مطابق صحت اورعلاج معالجے کی سہولتوں میں اضافہ سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔