عالمی مارکیٹ میں تیل کے نرخوں میں کمی کافائدہ عوام کو پہنچایا جائے‘ جماعت اسلامی پنجاب

حکومت فی لیٹرپٹرول پر50روپے سے زائد مختلف ٹیکس وصول کررہی ہے، ملک میں نئے بحران جنم لے رہے ہیں ، فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام کیاجائے‘ میاں مقصود احمد ، بلاول قدرت بٹ کا مشترکہ بیان

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ2003 ء سے لے کر اب تک تیل کے نرخ عالمی مارکیٹ میں سب سے کم ہوچکے ہیں جبکہ ان میں مسلسل کمی کارجحان جاری ہے مگر جہاں امریکہ سمیت دنیابھر کے ممالک ان کافائدہ اپنے عوام کوپہنچارہے ہیں وہاں پاکستان میں تاحال نرخ پرانے ہی وصول کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،یہاں تک کہ ہندوستان میں بھی گزشتہ چند ماہ کے دوران7بار پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کی گئی ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت ایک لیٹر پٹرول پرتقریباً50روپے تک کے مختلف ٹیکس عائد ہیں جوکہ خالصتاً حکومت کامنافع ہے کیونکہ ان کے ذریعے حکومت فوری طور پرمنافع مل جاتا ہے اس لئے وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کررہی۔

(جاری ہے)

ایک طرف تو حکومت ٹیکس ایمنسٹی جیسی اسکیمیں لارہی ہے تو دوسری جانب غریب عوام کو جائز ریلیف بھی فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اس سارے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے عوام کے ساتھ دوستی نبھائیں اور عالمی مارکیٹ میں کمی کے تناسب سے ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کوکم کیاجائے تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ملک عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔آئے روز نئے سے نئے بحران جنم لے رہے ہیں۔کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کوقابواور کرپشن کاقلع قمع کرتے ہوئے عوامی فلاحی منصوبوں کوترجیحی بنیادوں پر پوراکرے۔

متعلقہ عنوان :