ایران نے منشیات سمگلنگ کے الزام میں پاکستانی شہری کو پھانسی دیدی

عبرت اللہ پرجھوٹا مقدمہ بنایا گیا،وزیراعظم نوازشریف تحقیقات کرکے میت ملک لانے کیلئے مدد کریں،اہل خانہ

ہفتہ 9 جنوری 2016 17:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جنوری۔2016ء) ایران نے منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ایک پاکستانی شہری کو پھانسی دیدی جبکہ عبرت اللہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بیٹا بے قصور تھا اور اسے منشیات کے جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا گیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے گزشتہ روز پاکستانی شہری عبرت اللہ کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں پھانسی دیدی ہے جسے 3 ماہ قبل ایران سے گرفتار کرکے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔

عبرت اللہ کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عبرت اللہ کے اہل خانہ نے پھانسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یرانی حکومت نے بے گناہ کو پھانسی دی ، عبرت اللہ منشیات کی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں کبھی بھی ملوث نہیں رہا۔اہلخانہ کے مطابق عبرت اللہ کو منشیات کے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا،عبرت کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس کی میت ان کے حوالے نہیں کی گئی۔انہوں نے حکومت پاکستان بالخصوص وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کی جانب سے عبرت اللہ کو پھانسی دیئے جانے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ان کی میت ملک لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔