پاکستان نے اپنی قیادت اور حصہ داری سے ادارے کے اہداف کے حصول کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں

یونیسیف کے سربراہ کاادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر پاکستان کے کردار پرخراج تحسین

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بچوں کے حقوق( یونیسیف) کے سربراہ انتھونی لیک نے سال 2015ء کے دوران ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی قیادت اور حصہ داری سے ادارے کے اہداف کے حصول کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔

وہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ایگزیٹو بورڈ کے نئے اراکا ن کے انتخابات کے حوالہ سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں انتھونی لیک نے یونیسیف کی جانب سے سال 2015 کے دوران یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر کام کرنے پر پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کی خدمات کو سراہا ۔ یونیسیف کے سربراہ انتھونی لیک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سال 2015ء کے دوران بورڈ کی جانب سے نئے سنگ میل کے حصول کیلئے کئے گئے اقدامات پر انتہائی خوش ہیں جس نے اپنی مثبت اور تعاون پر مشتمل پالیسی کے تحت ادارے کو اہداف حاصل کرنے میں معاونت فراہم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملیحہ لودھی نے عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کے حوالے سے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جو قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے اس سال کو ادارے کیلئے انتہائی کامیاب اور مثبت قرار دیا اور کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں یونیسیف کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مختلف پالیسیز اور بجٹ وغیرہ کی منظوری دی ۔ انہو ں نے کہا کہ یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کے مجموعی اراکین کی تعداد 36ہے جو دنیا کے پانچ علاقائی گروپس کی نمائندگی کرتے ہیں،بورڈ کا سربراہ صدر جبکہ چاروں نائب صدور کا تعلق 5 گروپس سے ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :