ہماری کوشش ہے عوامی سطح پر سرکاری سکولوں سے متعلق منفی تاثر زائل ہو،محمد عاطف

جمعہ 8 جنوری 2016 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ سرکاری سکولوں کے کلاس ون تا سیکنڈ ائیر کے طلباء کو اعلیٰ کوالیفائیڈاساتذہ کے ساتھ ساتھ سائنس اور انگریزی مضامین کے ویڈیوز کے ڈی وی ڈیز اور ایس ڈی کارڈزبھی دیئے جائیں گے تاکہ انہیں تیاری میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹیوشن سے بھی نجات ملے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ اس مقصدکے لئے حکومت خیبرپختونخوااورسبق فاوٴنڈیشن کے درمیان بہت جلدمفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پردوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم اور سبق فاوٴنڈیشن کے سربراہ اقبال مصطفیٰ خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کے سکھانے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے مزیدکئی اقدامات زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا اگر اسی جذبے کے ساتھ تعلیم کی ترقی کے لئے کام کیا جاتاتوآج ہم تعلیمی انحطاط کا شکار نہ ہوتے اور سکولوں کا یہ برا حال نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ عوامی سطح پر سرکاری سکولوں سے متعلق منفی تاثر زائل ہو اور ان سکولوں پر عوام کا اعتما د بحال ہو کرنجی شعبے کے لئے رول ماڈل بنائیں۔عاطف خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے بچے کسی سے کم نہیں اگر انہیں کسی بھی شعبے میں صلاحیتیں منوانے کا موقع دیا جائے تو وہ کرکے دکھا سکتے ہیں اور حالیہ صوبائی سپوٹس فیسٹیول اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی کارکردگی دیکھ کر انہیں دلی خوشی ہوئی اور امید بر آئی ہے کہ وہ دن دور نہیں کہ مستقبل میں یہ بچے ہر شعبے میں سب سے آگے ہوں گے۔