کرا چی ،سید نجمی عالم اور ندیم بھٹو کی خیبر پختونخواہ میں ترقیاتی، تعلیمی اور صحت کیلئے مختص فنڈز 25فیصد سے بھی کم استعمال پر صوبائی حکومت پر کڑی تنقید

جمعہ 8 جنوری 2016 21:43

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سید نجمی عالم اور جنرل سیکریٹری ندیم بھٹو نے خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی نااہل صوبائی حکومت کو سال 2015-16کے لیے ترقیاتی، تعلیمی اور صحت کے لیے مختص فنڈز 25فیصد سے بھی کم استعمال کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی نیا پاکستان تو کیا بنائے گی اسے اپنی صوبائی حکومت کی نااہلی اور صوبے کے عوام کی محرومیوں میں اضافہ پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی نااہل صوبائی حکومت بجٹ میں مختص کیے گئے ترقیاتی فنڈز کا صرف 17فیصد ہی استعمال کرسکی جبکہ تعلیم جیسے اہم شعبے میں مختص کردہ فنڈز کا استعمال بھی 20فیصد سے کم ہے جبکہ اس سے کہیں زیادہ فنڈز تو وزیراعلی پرویز خٹک اور دھرنا پارٹی کے سربراہ عمران نیازی کے پروٹوکول پر خرچ کیے جاچکے ہیں جسے چھپانے کے لیے تحریک انصاف نے دھرنا سیاست کے بعد اب کراچی میں گٹر کے ڈھکن والی سیاست شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دھرنا پارٹی سے کسی مثبت کام کی توقع نہیں کی جاسکتی بلکہ ملک کے جس کونے میں بھی افراتفری اور انتشار پھیلانا ہو وہاں تحریک انصا ف کو ٹھیکہ دیا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاق سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق دستیاب وسائل سے اس کا جائز حصہ اور حق نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے صوبہ سندھ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گٹر کے ڈھکن کا مسئلہ اپنی جگہ درست ہے جسے نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن ہمیں یہ بھی سمجھناہوگا کہ راتوں رات کس طرح سندھ حکومت کے خلاف ایک مہم شروع کردی گئی اور میڈیا نے اس مسئلے کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش کیا جیسے یہ دہشت گردی، دراندازی اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات سے بڑھ کر کوئی معاملہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ مسائل کی ضرور نشاندہی کرے لیکن کسی کے ایماء پر عوام کی منتخب حکومت کے خلاف کسی سازش کا حصہ ہرگز نہ بنے