دارالعلوم جامع مصطفی اسلامی یورنیورسٹی کی اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے کا نوٹس لیا جائے ۔ خلیفہ مجتبیٰ حسنین

تھانہ سکھن کی ریڑھی گوٹھ کے چوکی انچارج کی سرپرستی میں لینڈ مافیا دن رات سرگرم عمل ہے

جمعہ 8 جنوری 2016 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) خلیفہ دربار حقانی حسنین مجتبیٰ نے DGرینجرز سندھ عزت مآب بلال اکبر اور DIG کراچی ، IGسندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ دارالعلوم جامع مصطفی اسلامی یونیورسٹی ریڑھی گوٹھ بن قاسم ٹاؤن کی اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے کا نوٹس لیں جہاں پر دن رات انور زیب ، جہانزیب، جاوید ، حسن گل اور دیگر کی سربراہی میں اسلامی یونیورسٹی کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہے جس کی اطلاع بضابطہ طور پر متعلقہ تھانہ سکھن میں تحریری طور پر دے دی گئی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں بلکہ لینڈ مافیا سکھن تھانے کی چوکی ریڑھی گوٹھ کے انچارج کی سرپرستی میں پلاٹ کاٹ کر دھڑلے سے ناجائز تعمیرات کروائے جا رہے ہیں ہم نے تحریری طور پر لینڈ مافیا کے خلاف درخواستیں پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی دے دی ہیں اور ہم پاک رینجرز سے امید کرتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے کراچی میں امن قائم کیا اور کرپشن اور غیر قانونی کاموں کے خلاف جہاد کیا وہاں ہم کمزور لوگوں کی مدد کو بھی آئیں اور لینڈ مافیا کی کالی بھیڑوں کو کیفرکردار تک پہنچائے اور اس اعلیٰ شخصیت کو بھی بے نقاب کریں جن کی سرپرستی میں یہ ساراگھناؤ نا کام کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

خلیفہ مجتبیٰ حسنین حقانی نے مزید کہا کہ ہم اس سلسلے میں اہلسنت کی نمائندہ تنظیموں، جماعتوں کی سربراہوں کو بھی لینڈ مافیا کی سرگرمیوں سے آگاہ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے جس میں اہلسنت کی قابل ذکر قائدین شرکت کریں گی اور لینڈ مافیا کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں جائیں گے اور کراچی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ لینڈ مافیا کے سارے قبضے کے پیچھے ایک بڑی شخصیت کی آشیرباد حاصل ہے لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ گورنمنٹ کے متعلقہ ادارے اس لینڈ مافیا کے خلاف سخت نوٹس لیں ۔