افغان مفاہمتی عمل کیلئے چار فریقی مذاکرات کا دوسرا دور 11 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا‘ ترجمان دفتر خارجہ

شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربے پر تشویش کا اظہار ،امن وسلامتی کوخراب کرنے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں‘محمد نفیس زکریا

جمعہ 8 جنوری 2016 21:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کے لیے چار فریقی مذاکرات کا دوسرا دور 11جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔اسلام آباد سے جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور افغان مفاہمتی عمل کے لیے 4ملکی اجلاس 11جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں پاکستان، افغانستان، چین، اور امریکہ کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری 4فریقی مذاکرات میں پاکستان جبکہ افغان نائب وزیرخارجہ حکمت کرزئی افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔اجلاس میں چین اور امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان بھی شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور پاکستان امن وسلامتی کوخراب کرنے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کوریا کی ہمیشہ حمایت کی ہے جبکہ تمام ممالک کو اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چار ملکی اجلاس میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا طریق کار اور شیڈول طے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :