یو ایس ایڈ اور ایچ ای سی کا امریکہ، پاکستان سینٹرز فارایڈوانسڈ اسٹڈیز پروگرام کے تحت طلبہ اوراساتذہ کے تبادلہ کا آغاز

جمعہ 8 جنوری 2016 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) یو ایس ایڈ اور ایچ ای سی کی جانب سے امریکہ، پاکستان سینٹرز فارایڈوانسڈ اسٹڈیز پروگرام کے تحت طلبہ اوراساتذہ کے تبادلہ کا آغازکیا گیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ)اورہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان(ایچ ای سی)کے سینئرعہدیداروں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)میں تقریباًدودرجن طلبہ اوراساتذہ کے لئے ایک استقبالیہ کاانعقادکیا،جو ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ایک سیمسٹر کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔

آئندہ چار برس کی مدت کے دوران نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ)اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی)پشاور کے انرجی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً 200 طلبہ اور اساتذہ ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کی جدید ترین لیباٹریوں میں توانائی سے متعلق تحقیق کے لئے امریکہ میں ایک سیمسٹرگزاریں گے۔

(جاری ہے)

اس تبادلہ کے تحت ہونے والے دوروں سے جن کا اہتمام یو ایس ایڈ کے فنڈ سے چلنے والے توانائی سے متعلق امریکہ، پاکستان سینٹرز فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز(یو ایس پی سی اے سی۔

ای) کے تحت طے کیا گیا ہے، اساتذہ کوتدریس اورکارپوریٹ پارٹنرشپ کی جدید مہارتوں سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کوتحقیقی مہارتوں کو وسعت دینے اور صنعت سے متعلق جدید آگہی کے حصول کا موقع میسر آئے گا۔یو ایس ایڈ کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیتھی مور نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ تعلیم اور معیشت کے شعبے میں پاکستان کی ترقی میں معاونت کے لئے پرعزم ہے اور توانائی سے متعلق امریکہ،پاکستان سینٹرز فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز سے انرجی کے شعبے میں عملی تحقیق اور مہارت یافتہ گریجویٹس کی پاکستانی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

توانائی سے متعلق امریکہ، پاکستان سینٹرز فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز(یو ایس پی سی اے سی۔ ای) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ)، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی)پشاوراورایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کا مشترکہ اقدام ہے،جس میں پاکستان کی توانائی کی ضروریات سے متعلق عملی تحقیق کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یہ شراکت کثیرالمقاصد ہے، جس میں نصاب کو جدید خطوط پر وضع کرنا، تحقیق، نئی لیبارٹریوں کا قیام اور تبادلہ پروگرام شامل ہیں۔

بیان میں کہاگیاہے کہ توقع ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت نسٹ اور یو ای ٹی میں یہ مراکزدیرپا توانائی کے شعبے میں پاکستان کے سرکردہ تحقیقی مراکز بن کر ابھریں گے۔ توانائی سے متعلق امریکہ، پاکستان سینٹرز فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز(یو ایس پی سی اے سی۔ ای) انجینئرنگ کے شعبے میں خواتین اورپسماندہ پس منظر کے نوجوانوں کو کامیابی میں معاونت کے لئے نئے معیارات طے کرنے کا ہدف بھی رکھتے ہیں۔

توانائی سے متعلق امریکہ،پاکستان سینٹرز فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز(یو ایس پی سی اے سی۔ ای)امریکہ،پاکستان سینٹرزفارایڈوانسڈاسٹڈیزپرکی جانے والی ۷۲۱ ملین ڈالر کی وسیع ترسرمایہ اری کا حصہ ہے، اس سرمایہ کاری کا مقصدپاکستان کے توانائی،پانی،زراعت اور غذائی سلامتی سے متعلق چیلنجوں کا جدیداورعملی حل تلاش کرنے کے لئے عملی تحقیق کو فروغ دیناہے